سینیٹر آغاشہباز خان درانی کی پوری زندگی اوصاف و کمالات سے عبارت تھی ،میر سرفراز بگٹی

مرحوم اپنی ذات میں انجمن تھے ،ان کی شفقت اور محبت کا یہ اثر تھاہر کوئی انہیں اپنا بھائی اور دوست سمجھتا تھا ،وزیر داخلہ بلوچستان

پیر 3 جولائی 2017 23:31

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2017ء) وزیر داخلہ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہاہے کہ سینیٹر آغاشہباز خان درانی کی پوری زندگی اوصاف و کمالات سے عبارت تھی وہ اپنی ذات میں ایک انجمن تھے ،ان کی شفقت اور محبت کا یہ اثر تھاکہ ہر کوئی انہیں اپنا بھائی اور دوست سمجھتا تھا ، جس سے ملااسے پہلی ملاقات میں اپنا گرویدہ بنا دیا،یہی ان کی وہ امتیازی خصوصی تھی کہ جس کی وجہ سے آج ان کے ہر چاہنے والے کے دل میں ان کی جدائی کا بے حد غم ہے۔

سینیٹرآغاشہباز خان درانی نے بہت مختصر مدت میں پاکستانی سیاست کے ماتھے کا جھو مربن کر تمام پارلیمنٹرینز کے دلوں پر راج کرتے رہے، وہ تنگ نظری تعصب اور نفرت کا خاتمہ کرکے وسعت نظری کی اعلیٰ مثال قائم کررکھے تھے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے درّانی ہائوس خضدار میں سینیٹرآغاشہباز خان درانی کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سینیٹرآغاشہباز خان درانی کے ماموآغاعبدالخالق احمد زئی ، بھائی آغاشہریا ر درانی ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار آغا شکیل احمددرانی آغا شاہزیب درانی و دیگر بھی موجود تھے ۔

صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہاکہ آج ہم ایک شفیق دوست اور بھائی سے محروم ہوگئے ہیں ۔ سینیٹر آغاشہباز خان درانی کو اللہ تعالیٰ نے بے شمار کمالات سے نوازا تھا وہ ایک علمی و سیاسی بصیرت او ر مدبر رہنماء ہونے کے ساتھ ساتھ معاملہ فہم بھی تھے ۔ انہوں نے مختصر مدت میں سینیٹرز سمیت دیگر پارلیمنٹرینز کو اپنی جانب متوجہ کرایا اوران کا سب سے محبوب دوست بن گئے ۔

وہ بلوچستان کے لئے ایک قومی اثاثہ تھے یہاں کے عوام کو ان کی صلاحیتوں و تجربات سے بے حداستفادہ حاصل کرنا تھا تاہم پھول صحیح معنوں میں کھلا نہیں تھا کہ مرجھا گئے اور ان کی خوشبو سے پورا وطن معطر ہونے کو تھا کہ وہ ہم سے رخصت ہوگئے ۔ ان کی بے وقت جدائی کاغم ہم سب کو کھائے جارہاہے تاہم اللہ تعالیٰ کی جو رضاء تھی وہی ہونا تھا۔ہم اپنے بھائی و مشفق دوست کی مشن کو پائیہ تکمیل تک پہنچائیں گے اور ان کے پیغام کو آگے بڑھائیں گے ۔اللہ تعالیٰ سے دعاء ہے کہ سینیٹر آغاشہباز خان درانی کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ مقام سے سرفراز فرمائے اور ان کے لواحقین دو ست و احباب کو صبر جمیل کی توفیق عطاء فرمائے ۔ آمین ۔

متعلقہ عنوان :

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں