کرخ و مولہ سمیت پورے علاقے کی پر امن صورتحال میں خلل ڈالنے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی ،سیاحتی علاقہ مولہ چٹوک سے پکنک منا کر واپس آنے والوں کو لوٹنے والے جرائم پیشہ عناصر جلد قانون کے کٹہرے میں ہونگے،اسسٹنٹ کمشنر خضدار

پیر 3 جولائی 2017 21:58

خضدار۔03جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2017ء)اسسٹنٹ کمشنر خضدار کیپٹن(ر) جمعہ داد خان مندوخیل نے کہا ہے کہ کرخ و مولہ سمیت پورے علاقے کی پر امن صورتحال میں خلل ڈالنے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی، سیاحتی علاقہ مولہ چٹوک سے پکنک منا کر واپس آنے والوں کو لوٹنے والے جرائم پیشہ عناصر جلد قانون کے کٹہرے میں ہونگے ،یہاں آنے والے سیاح ہمارے مہمان ہیں انہیں ہر ممکن تحفظ فراہم کرنا ہماری زمہ داری ہے‘ کھوڑی سے لیکر مولہ تک لیویز کی گشت میں اضافہ کیا گیا ہے جبکہ متعدد مقامات پر اضافی چیک پوسٹ بھی بنائی گئی ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مولہ ،کرخ کا تفصیلی دورہ کرنے کے موقع پر علاقائی لوگوں ،عوامی نمائندوں ،پکنک منانے والے سیاحوں اور دیگر سے گفتگو کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ممبر ڈسٹرکٹ کونسل خضدار میر جمعہ خان شکرانی سمیت قبائلی معتبرین اور علاقہ کے معززین بھی موجود تھے۔ قبل ازیں انہوں نے متعلقہ لیویز تھانوں کا دورہ کیا اور غیر زمہ دار ی کا مظاہرہ کرنے والے متعدد لیویز اہلکاروں کا خضدار تبادلہ کیا۔

اسسٹنٹ کمشنر نے اپنی گفتگو میں کہا کہ مہمانوں کو لوٹنے والے رہزنوں اور ڈاکوؤں کے خلاف لیویز فورس تیزی سے تحقیق اور کاروائی کر رہی ہے انشاء اللہ بہت جلد یہ ملزمان قانون کے کٹہرے میں ہونگے۔ خضدار خصوصاً مولہ و کرخ پر امن علاقے ہیں ہم کسی کو یہ اجازت نہیں دیں گے کہ وہ ملکی قوانین اور یہاں کی روایات کو پس پشت ڈال کر مہمانوں کو لوٹ لیں۔ اس واقع کے بعد مولہ سے لیکر کھوڑ ی تک لیویز کے گشت میں اضافہ کیا گیا ہے اور مختلف مقامات پرچیکنگ بھی شروع کر دی گئی ہے‘ عمومی طو رپر اہل علاقہ اور خصوصی طور پر دنیا کے حسین ترین سیاحتی مقام چٹوک کا نظارہ کرنے کے لئے آنے والے مہمانوں کو ہر طرح کا تحفظ فراہم کیا جائے گا۔

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں