جھالاوان کے خطے سے ہمارے خونی رشتے وابستہ ہیں ،یہاں ہمارے قبیلے کی ذیلی شاخیں بڑی تعداد میں آباد ہیں، ان کے مسائل کے حل کے لئے میں ذاتی طو ر پر ہر ممکن کوشش کروں گا، جام کمال خان

جمعہ 30 جون 2017 22:30

خضدار۔30جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2017ء) وزیر مملکت برائے پیٹرولیم و قدرتی وسائل جام آف لسبیلہ جام کمال خان نے کہا ہے کہ جھالاوان کے خطے سے ہمارے خونی رشتے وابستہ ہیں‘ یہاں ہمارے قبیلے کی ذیلی شاخیں بڑی تعداد میں آباد ہیں ان کے مسائل کے حل کے لئے میں ذاتی طو ر پر ہر ممکن کوشش کروں گا اور عنقریب ضلع خضدار کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے ان کے مسائل دریافت کر نے کے ساتھ ساتھ انہیں منظم کرنے کی بھی کوشش کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ والد صاحب کے انتقال کے بعد تمام ذمہ داریاں میری کاندھوں پر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گنگو ہاؤس گزگی میں محمد ایوب گنگو ،محمد موسیٰ گنگو اور طارق گنگو کی جانب سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے استقبالیہ کے موقع پرخطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

قبل ازیں محمد موسیٰ گنگو نے خطاب کرتے ہوئے انہیں خضدار آمد پر خوش آمدید کہااور کہا کہ خضدار ،فیروزآباد ،کرخ اور دیگر علاقوں میں قبیلہ کے لوگ بڑی تعداد میں آباد ہیں۔

انہوں نے جام کمال خان کو ضلع خضدار کا تفصیلی دورہ کرنے کی دعوت دی جنہیں وہ قبول کی۔ جام آف لسبیلہ جام کمال خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ جھالاوان کے خطے میں جام قبیلہ کی زیلی شاخیں جن میں جاموٹ و دیگر شاخیں بڑی تعداد میں آباد ہیں۔ اس حوالے سے ہماری خونی رشتے اس خطہ سے وابستہ ہیں۔ سابق وزیر اعلیٰ جام محمد یوسف کے انتقال کے بعد جہاں سیاسی ذمہ داریاں میرے کاندھوں پر آ گئیں، وہاں قبائلی امور کی ذمہ داریاں بھی میری ذمہ داری میںہیں ۔

یہاں آباد قبیلے کے لوگوں کے مسائل کو جاننے اور ان کے مسائل حل کرنے کی خاطر میں گنگو برادران کی دعوت کو قبول کرتے ہوئے عنقریب ضلع کا دورہ کروں گا۔ قبیلے کے تمام معتبرین سے مل کر انہیں منظم کرنے کی بھر پور کوشش کروں گا۔ ہمارے قبیلے کے لوگ خطہ جھالاوان میں خود کو کبھی اکیلا محسوس نہ کریں کسی بھی مسئلے پر مجھ سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ قبل ازیں جب وفاقی وزیر مملکت خضدار پہنچے تو محمد ایوب گنگو ،محمد موسیٰ گنگو ،طارق گنگو ،حاجی محمد قاسم گنگو اور دیگر نے ان کا استقال کیا اور جلوس کی شکل میں انہیں گنگو ہاؤس گزگی لے گئے ۔

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں