النور فائونڈیشن کی جانب سے خضدار کے 120خاندانوں میں راشن اور عید پیکج تقسیم

ہفتہ 17 جون 2017 23:07

خضدار۔17جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2017ء) النور فائونڈیشن کی جانب سے خضدار کے غریب و نادار اور مساکین کے ساتھ امداد کا سلسلہ جاری ہے۔ ہفتے کے روز یہاں ارباب کمپلیکس میں النور فائونڈیشن کی جانب سے خضدار و مضافاتی علاقوں کے 120خاندانوں میں راشن اور عید پیکج تقسیم کیا گیا ۔ تقریب کے مہمان خاص جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی کونسل کے رکن وممتاز قبائلی و سیاسی شخصیت میر یونس عزیز زہری ،و اعزازی مہمان محسن نصیر تھے ۔

جنہوںنے اپنے ہاتھوں سے النور فائونڈیشن کی جانب سے غرباء و مساکین اور بیوائوںمیں راشن تقسیم کی، جب کہ معذوروں میںنقدرقم بھی النور فائونڈیشن کی جانب سے تقسیم کیا گیا ۔ اس موقع پر فاونڈیشن کے بانی منیرنورگرگناڑی سمیت دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

النور فائونڈیشن کے رہنماء و بانی منیر نور گرگناڑی ، و دیگرمنتظمین نے راشن تقسیم کرنے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں خداترس لوگوں کی جانب سے بھر پور پذیرائی مل رہی ہے اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر خضدارسہیل الرحمن بلوچ کے ہم مشکور ہیں کہ انہوںنے ہمیشہ ہماری سرپرستی اور قدم قدم پر ہماری رہنمائی بھی کی یہی وجہ ہے کہ آج ہم ان غریب و مساکین افراد کے سروں پر دست شفقت رکھ کرکی نہ صرف مالی مدد کررہے ہیں بلکہ ان میں راشن بھی تقسیم کیا جارہاہے ۔

ہم اس طرح کی خدمت کو آئندہ بھی اسی طرح جاری رکھیں گے ۔ جے یوآئی رہنماء میر یونس عزیز زہری نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دنیا کایہ ضابطہ ہے کہ اکیلا ایک انسان کچھ بھی نہیں ہے ہر انسان زندگی بسر کرنے کے لئے دوسروں کا محتاج ہوتاہے ۔ہر انسان کی زندگی دوسرے انسانوں کے ساتھ جڑی ہوئی ہے ایک مثالی معاشرہ اس وقت بنتا ہے جب ایک دوسرے کے غم و خوشی میں شریک ہو کر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون اور ایک دوسرے کی مدد کی جائے ۔

ہمارے نوجوان طبقے میں جوش و جذبہ اور کچھ کرنے کی جستجو سب سے بڑھ کر موجود ہے ۔ النور فائونڈیشن کی ٹیم نوجوان طبقے پر مشتمل ہے ان میں خدمت کا جوجذبہ پایا جاتا ہے وہ قابل دید اور قابل رشک ہے ۔ آج یہاں میں دیکھ رہاہوں کہ انتہائی غریب ، بیوہ اور نادار خواتین و مرد حضرات میں راشن عید پیکج اور ملبوسات تقسیم کیئے جارہے ہیں ۔ یقینا جب ان غرباء کے چہروں پر خوشی کی لہر آئیگی تو اس سے ہمارے دلوں کو بھی تسکین ملے گی ۔

اپنے آپ کے لئے تو ہر ایک کو جینا آتا ہے تاہم خوشی اس بات کی ہے جب آپ کو دوسروں کے لئے بھی جینا آجائے ۔مجھے النور فائونڈیشن اور اس کی ٹیم میں یہی وہ لگن نظر آرہی ہے ۔ گزشتہ چند روز سے غریب اور مساکین میں راشن کی تقسیم قابل ستائش ہے ۔ ہماری سب کی کوشش ہونی چاہئے کہ اس طرح کے اداروں کی سرپرستی کریں ان کے ساتھ تعاون کریں تاکہ وہ غریب اور مساکین کی بہتر انداز میں مدد کرسکیں ۔

یہی جذبہ ہرایک کو اپنے اندر پیدا کرناچاہئے تب جا کر ہم انسانیت کی خدمت کے اعلیٰ رتبے پر پہنچ سکتے ہیں ۔ محسن نصیر نے کہاکہ النور فائونڈیشن نے جس طرح مختصر مدت میں دکھی انسانیت کی خدمت میں اعلیٰ مثال پیش کی ہے اس پر ہم سب فخر محسوس کررہے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ دیگر ادارے دیگر طبقات اور دیگر افراد بھی النور فائونڈیشن کی تقلید کرتے ہوئے اسی طرح انسانیت کی خدمت کے لئے اپنے آپ کو پیش کریں گے دین و اسلام فلاح انسانیت کادرس دیتے ہیں سب کی کوشش ہونی چاہئے کہ وہ اس طرح انسانیت کی خدمت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

متعلقہ عنوان :

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں