حکومت لوگوں کو علاج و معالجے کی ہر ممکن سہولتیں فراہم کرنے کی کوششیں کررہی ہے، شہری اسپتالوں کی طرح دیہی علاقوں کے طبی مراکز کو بھی مزید فعال کیا جا رہا ہے،صوبائی سیکریٹری صحت عصمت اللہ کاکڑ

ہفتہ 17 جون 2017 23:07

خضدار۔17جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2017ء) صوبائی سیکریٹری صحت عصمت اللہ کاکڑ نے کہا ہے کہ حکومت لوگوں کو علاج و معالجے کی ہر ممکن سہولتیں فراہم کرنے کی کوششیں کررہی ہے۔ شہری اسپتالوں کی طرح دیہی علاقوں کے طبی مراکز کو بھی مزید فعال کیا جا رہا ہے۔ ان میں ڈاکٹرز کی طعیناتی سمیت تمام مسائل کو حل کررہے ہیں تاکہ ان علاقوں کے رہنے والوں کو ان کے قریب تر علاقوں میں طبی سہولتیں فراہم ہوں اور وہ لوگ علاج کی غرض سے شہری علاقوں کا کم سے کم رخ کریں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹیچنگ اسپتال خضدار میں کمشنر قلات محمد ہاشم غلزئی کے ہمراہ ڈاکٹروں اور طبی عملے سے ایک اجلاس کے دوران کیا ۔اس سے قبل انہوں نے اسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا ۔مریضوں سے ملے ان کی تیمار داری کی مختلف وارڈز کا بھی معائنہ کیا اور انہوں نے دو نئے وارڈز برائے مردو خواتین سرجیکل وارڈز کا بھی افتتاح کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈاکٹر محمد مراد مینگل ڈویژنل ڈائریکٹر قلات ڈویژن خضدار ،پراجیکٹ ڈائریکٹر خضدار میڈیکل کالج محمد اسلم بلوچ ، پرنسپل خضدارمیڈیکل کالج ڈاکٹر قاضی مسعود احمد ،ڈاکٹر فضل محمد زہری ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر خضدار ، اسسٹنٹ کمشنر خضدارریٹائرڈ کیپٹن جمعہ داد خان منڈوخیل شوکت علی بلوچ اسٹاف آفیسر سیکریٹری صحت ،پی پی ایچ ائی کے ایڈمن آفیسر عبدالجبار زہری ،پیرامیڈیکس کے ضلعی صدر عبداللہ ساسولی جنرل سیکریٹری محمد اسماعیل زہری ،سمیت متعلقہ افیسران بھی موجود تھے۔

سیکریٹری صحت نے کہا کہ شعبہ صحت کو تمام شعبوں سے افضل تصور کیا جاتا ہے۔ اس لئے کہ اس میں براہ راست انسانیت کی بقا اور خدمت ہے اس میں کام کرنے والوں کو مسیحا کہا گیا ہے۔ مسیحائوں کو بھی چاہئے کہ وہ اپنے کردارکا جائزہ لیں اور دیکھیں کہ وہ کس منصب کے اہل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی ہمارے صوبے میں بڑے نامور ڈاکٹر ہیں جن کو اللہ نے طب کی دنیا میں بڑا نام دیا ہے انہیں لوگ بہت عزت و احترام کی نظر سے دیکھتے ہیں ۔

سیکریٹری صحت نے کہا کہ یہ صوبہ یہ ملک ہمارا ہے ہم سب نے مل کر اس ملک کے رہنے والوں کی خدمت کرنی ہے ۔اس سے قبل انہوں نے تمام ڈاکٹروں اور طبی عملے سے کہا کہ وہ اپنے فرائض کی ادائیگی میں دیانت اور فرض شناسی سے کام کریں ۔ کمشنر قلات محمد ہاشم غلزئی نے کہا کہ ہماری ہروقت خضدار ٹیچنگ انتظامیہ کے ساتھ رابطہ رہتا ہے چند دن قبل اسپتال میں ادویات کی قلت پیدا ہو گئی تھی ہم نے پانچ لاکھ روپے کا ادویات انہیں فراہم کی۔

اس سے قبل ٹیچنگ اسپتال خضدار کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر سومار خان نے سیکریٹری صحت کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ خضدا صوبے کا دوسرا بڑا ہسپتال ہے ۔مجھے چارج سنبھالتے ہوئے چند دن ہوئے ہیں ۔ٹیچنگ اسپتال خضدار میں بتیس سینئر ڈاکٹروں اور سولہ نرسوں کی اسامیاں خالی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکریٹری صحت نے ڈاکٹروں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ میرے دورہ خضدار کے دوران بہت سارے مسائل کی نشاندہی ہوئی انشاء اللہ میں آپ کو درپیش مسائل حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کروں گا ۔ قبل ازیں انہوں نے خضدار میڈیکل کالج کی نئی عمارت اور ہاسٹل کا بھی جائزہ لیا۔

متعلقہ عنوان :

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں