طالبات کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے اقدامات کا آغاز کیا‘ بچیوں میں کتابیں ،کاپیاں اور دیگر ضروری سامان بھی تقسیم کی گئی ہیں، تعلیمی اداروں کی بندش کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، زاہدہ مصطفی

جمعرات 1 جون 2017 23:26

خضدار۔یکم جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2017ء) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (برائے خواتین ) خضدار زاہدہ مصطفی نے کہا ہے کہ مقامی عمائدین کی کوششو ں سے عرصہ دراز سے بند گرلز پرائمری اسکول باغبانی جو کہ گزشتہ سات سالوں سے بندتھاکو بحال کر کے طالبات کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے اقدامات کا آغاز کیا‘ بچیوں میں کتابیں ،کاپیاں اور دیگر ضروری سامان بھی تقسیم کی گئی ‘ تعلیمی اداروں کی بندش کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، غیر حاضر اساتذہ کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے زہری باغبانی میں سکول ٹیچروں ،طالبات سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ المیہ سے کم نہیں کہ ایک تعلیمی ادارہ گزشتہ سات سالوں سے بند پڑاہے اور اس کا جو نقصان ہوا اس کو پورا کرنا کسی سطح پر ممکن نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں نے چارج سنبھالا ‘مجھے اس تعلیمی ادارے کی بندش کے متعلق شکایات ملی‘ میں نے فوری ایکشن لیا اور مقامی آبادی کے تعاون اور اعلیٰ حکام کی کاوشوں سے ہم سب ملکر اس تعلیمی ادارے کو دوباہ بحال اور فعال کر دیا اور داخلہ شروع کر دیا گیا‘ داخلہ لینے والے طالبات میں کتابیں ،کاپیاں اور پینسل وغیرہ تقسیم کی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ میں واضح کرتی چلوں کہ تعلیمی اداروں کی بندش اور اساتذہ کی غیر حاضری کسی صورت قبول نہیں ایسے اساتذہ کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی پوری توجہ حصول علم پر مرکوز رکھیں ۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر خضدار زاہدہ مصطفی نے کہا کہ ضلع کے کسی بھی علاقے میں تعلیمی اداروں کی بندش برداشت نہیں کی جائے گی۔ علاقائی معتبرین سے بھی اپیل ہے کہ وہ فروغ تعلیم میں اپنا کردار ادا کریں ۔

متعلقہ عنوان :

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں