خضدار میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کیخلاف رات گئے قومی شاہراہ پر دھرنا

منگل 30 مئی 2017 20:35

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2017ء) خضدار میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف جھالاوان سوشل فورم کے زیر اہتمام رات گئے قومی شاہراہ پر دھرنا ،اور مظاہرہ ، مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھار کھے تھے جن پر بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور کیسکو کے رویہ کے خلاف نعرے درج تھے ۔جھالاوان سوشل فورم کے زیر اہتمام دھرنے میں شہر بھر سے شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ،جن میں سیاسی رہنماء اور کارکنان ، سوشل ورکرز ، طلباء ، اساتذہ اور دیگر طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد شامل تھے۔

مظاہرین کی قیادت جھالاوان سوشل فورم کے نمائندہ سمیع رئوف بلوچ کررہے تھے ۔ بی این پی کے رہنماء سردار بلند خان غلامانی ،سفر خان مینگل ، جمعیت علمائے اسلا م کے رہنماء میر ریاض احمد قلندرانی ،نیشنل پارٹی کے رہنماء ناصر کمال مینگل، تاجر رہنماء حاجی محمد اقبال لانگو ، ڈائریکٹر آکسفورڈخلیل احمد بلوچ رئیس تنویر احمد کرد ،سعداللہ مینگل و دیگر نے دھرنا دینے والے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خضدار بلوچستان کا دوسرابڑا شہر ہے لیکن یہ کئی عرصہ سے بجلی کی نعمت سے محروم ہے اب رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں بھی بجلی فراہم نہیں کی جارہی ہے محض چند گھنٹے بجلی فراہم کی جاتی ہے جس کی وجہ سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہوکر رہ گئی ہے یہاں غصب کی گرمی پڑتی ہے اور اس گرمی میں روزہ کے دوران بجلی نہ ہونے سے عوام کا بُرا حال ہے عوام کے اس حال پر نہ عوامی نمائندوں کو ترس آرہاہے اور نہ ہی کیسکو کو ترس آرہاہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ضلع خضدار واحد ضلع ہے جوکہ حقیقی معنوں میں نمائندگی سے محروم ہے ۔یہاں عوامی مسائل پر آواز بلند کرنے والا کوئی بھی نہیں ہے ۔ رمضان المبارک کے مہینے میں بھی روزہ داروں کوبجلی سے محروم رکھنا کہاں کا انصاف ہے ۔ کیسکو سے کوئی بھی پوچھنے والا نہیں ہے 220 کے وی ٹرانسمیشن لائن میں وافر میگاواٹ کی صورت میں بجلی موجود ہوتا ہے لیکن خضدار کے لوگ اس بجلی سے محروم ہیں۔

اب مجبور ہو کر خضدار کانوجوان طبقہ اپنے اور اپنے عوام کے حق کے لئے باہر نکل آیا ہے جب تک ہمیں بجلی مکمل فراہم نہیں کی جاتی ہے ہم اپنے احتجاج کو ترک نہیں کریں گے ۔ یہ ارباب اقتدار کے لئے بھی سوچنے کا مقام ہے کہ خضدار میں رات گئے احتجاج ہورہاہے وہ بھی رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں، آخر وہ کونسی مجبوری ہے کہ جو رات گئے یہ نوجوان سڑکوں پر نکل آئے ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ ضلعی انتطامیہ کے ہم شکر گزار ہیں کہ انہوںنے ہر وقت ہمارا ساتھ دیا اور اس شہر کے عوام کو فائدہ پہنچانے کے لئے تمام اقدامات کیئے لیکن کیا وجہ ہے کہ کیسکو عوام کو بجلی فراہمی سے قاصر ہے ۔ مقررین نے کہاکہ ہم متحد ہیں اور جھالاوان سوشل فورم کے پلیٹ فارم پر اب خضدار کے تمام مسائل کے لئے باہر نکل کر بھر پور احتجاج کیا جائیگا۔

آج شہر کے مختلف حصوں سے جس طرح نوجوان و عام طبقات اور سیاسی رہنماء اور ورکرز نے احتجاج میں حصہ لیااور کئی گھنٹے تک اپنے حق کے لئے احتجاج کیا وہ یہاں کے عوام کے شعور وآگاہی کا نتیجہ ہے انشاء اللہ یہ احتجاج کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہیگا ۔آج دوبارہ رات گئے دھرنا اور مظاہرہ و احتجاج ہوگا جب تک عوام کا حق انہیں ملتا اور پوری بجلی نہیں دی جاتی ہے احتجاج جاری وساری رہیگا۔

متعلقہ عنوان :

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں