خضدار سٹی کو تعمیر و ترقی اور اسے خوبصورت بنانے کے لئے تمام تر اقدامات جاری ہیں،میر عبدالرحیم کرد

جمعرات 25 مئی 2017 23:56

کو ئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مئی2017ء)میئر خضدار میر عبدالرحیم کرد نے کہاہے کہ دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے خضدار سٹی کو تعمیر و ترقی اور اسے خوبصورت بنانے کے لئے تمامتر اقدامات جاری ہیں ۔آج خضدار شہر کی صفائی دوسرے شہروں سے بڑھ کر ہے ۔ میونسپل کارپوریشن کا عملہ ضلعی انتظامیہ سے ملکر ہمہ وقت شہر کو صاف رکھنے میں مصروف عمل رہتاہے۔

پہلی بار خضدار شہر میں کروڑوں روپے ترقیاتی عمل پر خرچ ہورہے ہیں۔ صوبائی حکومت کا تعاون ہمیں حاصل ہے ،صوبائی وزیر زراعت و خزانہ سردارمحمد اسلم بزنجو وقتا فوقتاً ہماری رہنمائی کرتے رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے خضدار شہر میں مختلف مقامات کے دورے اور اسکیمات کے جائزہ لینے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میونسپل کارپوریشن کے ممبران کے علاوہ چیف آفیسر عبدالقیوم عمرانی سب انجینئر ہدایت اللہ زہری انجینئر ظہوراحمد زہری بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

میئر خضدار میر عبدالرحیم کرد نے کہاکہ خضدار شہر آنے والے دور میں سب سے خوبصورت شہر بن کر ابھرے گا۔صوبائی وزیر سردار محمد اسلم بزنجو کے ہم مشکور ہیں کہ خضدار شہر کی خوبصورتی کے لئے وہ ہمہ وقت ہمارے ساتھ تعاون کرتے ہیں اور ہماری سرپرستی بھی کرتے ہیں ۔ خضدار شہر کی اہمیت اس لئے سب سے بڑھ کر ہے کہ اہم شاہراہیں خضدار کو لنک کرکے دوسرے شہروں کو جا کر ملتی ہیں ۔

جب کہ کئی اعلیٰ قسم کی تعلیمی ادارے بھی خضدار میں بن رہے ہیں خضدار سی پیک منصوبے میں شامل ہے جہاں قتصادی زونز بھی بنیں گے ۔ خضدار میں اس سے قبل سڑکوں کی تعمیر اور دیگر منصوبوں پر کئی کروڑ روپے خرچ ہوچکے ہیں جب کہ سیوریج سسٹم سمیت دیگر منصوبوں پر مزید کروڑوں روپے خرچ کیئے جارہے ہیں ۔ہم بلدیاتی نظام کے تحت خضدار میں خدمت کا جو عزم لیکر آئے تھے وہ مکمل کرنے میں کامیاب ہورہے ہیں ہم اپنے وعدوں سے بڑھ کر خدمت سرانجام دے رہے ہیں جس کا خضدار کے شہری بھی برملا اظہار کررہے ہیں ۔ جب بھی کوئی اسکیم یا منصوبہ شروع کرتے ہیں تو عوام کی مشاورت اور ان ہی کی مرضی و منشاء لیکر ہی اسے سرانجام دیتے ہیں ۔

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں