نیشنل پارٹی خضدار کے عوام کے دلوں پر راج کررہی ہے ، میئر خضدار

ضمنی الیکشن میں جس طرح نیشنل پارٹی کو آدھ درجن سے زائد پارٹیوں کے مد مقابل کامیاب کرایا وہ خضدار کے عوام کاخلوص، محبت اور اپنائیت ، باشعور ہونے کا منہ بولتا ثبو ت ہے،میرعبدالرحیم کرد

ہفتہ 13 مئی 2017 20:40

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2017ء) نیشنل پارٹی کے صوبائی رہنماء و میئر خضدار میرعبدالرحیم کرد نے کہاہے کہ نیشنل پارٹی خضدار کے عوام کے دلوں پر راج کررہی ہے ۔خضدار کے عوام نے ایک بار پھر آج سے تین سال قبل والی تاریخ دھراتے ہوئے ضمنی الیکشن میں جس طرح نیشنل پارٹی کو آدھے درجن سے زائد پارٹیوں کے مد مقابل کامیاب کرایا وہ خضدار کے عوام کاخلوص، محبت اور اپنائیت ، باشعور ہونے کا منہ بولتا ثبو ت ہے ۔

خضدار میں حلقہ نیامجوسے میونسپل کارپوریشن کی خالی نشست پر وہاں کے باشندوں نے نیشنل پارٹی کے امیدوار امیر بخش بلوچ کو مخالف کثیر تعداد میں پارٹیوں کے اتحاد کے باوجود کامیاب کروا کر یہ ثابت کردیا کہ آج بھی خضدار اگر کسی پارٹی کا گڑھ مرکز و محور ہے تو وہ نیشنل پارٹی اور بابائے بزنجو کی پارٹی ہے ،خضدار کے باشعور عوام نے ضمنی الیکشن میں حق رائے دہی نیشنل پارٹی کو دیگر سیاست و جمہوریت کا سلیقہ بھی مخالفین کو پڑھادیا کہ کامیابی دشنام طرازی ، چوک و چوراہوں پر کھڑے ہو کر گرجنے اور چیخنے وچلّانے سے نہیں بلکہ عوام کی ہمدردی حاصل کرنے سے ملتی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے حلقہ نیامجوسے پارٹی امیدوار کی کامیابی کے بعد عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ میئر خضدار میر عبدالرحیم کردنے کہاکہ ہم نے شروع دن سے ہی یہ برملا اعلان کیا تھا کہ دیگر سیاسی جماعتوں کے ورکرز اور رہنماء مہذب زبان استعمال کرتے ہوئے سیاست و جمہوریت کو صرف پیار و محبت کامقام دیکر ہی اپنی برتری ثابت کردیں ۔

چونکہ سیاست میں کوئی بات حرف آخر نہیں ہوتی ہے،مخالفت کو اس حد تک نہ لیجایا جائے کہ جس سیاست و جمہوریت آلودگی کا شکار ہوجائیں۔ مخالف جماعتوں کے ورکرز نے ویسا نہیں کیا ، گرجنے ودشنام طرازی سے کبھی بھی کوئی جماعت یا جتھہ عوام کے دلوں پر حکمرانی نہیں کرسکتا، اگر عوام سے الفت بڑھانا یا ان کو قائل کرنا ہے تو وہ ہے برداشت، تحمل، سنجیدگی اور کچھ کرکے دکھانے کی جستجو جسے اپنا کر کوئی پارٹی کامیابیوں کی بلندی کو چھو سکتی ہے ،یہی وہ سبق و مشعل راہ تھی کہ جسے نیشنل پارٹی و صوبائی وزیر سردار محمد اسلم بزنجو کے ساتھیوں نے اپنا کر تین سال قبل عام بلدیاتی الیکشن میں کئی رنگ برنگی جماعتوں کو شکست سے دوچار کیا تھا اور آج ضمنی الیکشن میں نیامجو خضدار سے ایک بار پھر اسی تاریخ کو دھراتے ہوئے کامیابی حاصل کی اور یہ بات ثابت کردیا کہ نیشنل پارٹی ہی خضدار کے عوام کے دلوں کا دھڑکن اور حقیقی جماعت ہے ۔

بدقسمتی سے دیگر سیاسی جماعتیں اس طرح کی جمہوریت اور عوامی رائے ہموار کرنے سے عاری نظر آتی ہیں پھر ہوتا یوں ہے کہ شکست و ریخت ان کا مقدر بن جاتی ہے اور پھر وہ چوک و چوراہوں پر کھڑے ہو کرروایتی طریقہ کار دشنام طرازی کو اپنا کر ہی عوام کی ہمدردی حاصل کرنے کی ناکام کوششیں کرتے نظر آتی ہیں۔ اس طرح کے طریقہ سیاست سے وہ کبھی بھی کامیابی کا چہر ہ نہیں دیکھ سکیں گے ۔

کامیابی کے لئے انہیں نیشنل پارٹی کو اپنا آئیڈیل بنا کر ہی فلاح وبہبود ، تعمیر و ترقی کی راہ پر چلنا ہوگا عوام کے لئے درد و غم محسوس کرنا ہوگا تب ہی وہ کسی حد تک شعور کے دائرہ کار میں آسکیں گے ۔ورنہ وہ اپنا اور عوام کا وقت اسی طرح ضائع کرتے رہیں گے ۔نیشنل پارٹی عوامی نمائندگی اور حقیقی سیاست و بابائے بزنجو کا پیرو کار بن کر روزِ اوّل سے جس طرح سیاست کے میدان میں کمند ڈال رہی ہے وہ مستقبل میں بھی برقرار رہیگی اور انشاء اللہ ہم عوامی قوت سے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے عوام کی خدمت کا تسلسل اسی طرح جاری و ساری رکھیں گے ۔

متعلقہ عنوان :

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں