پیپلز پارٹی کو بلوچستان میں پذیرائی مل رہی ہے، مستقبل میں کامیابی کیلئے بہت بڑا پیش خیمہ ثابت ہونے والا ہے ،میر محمد عمران جتک

اتوار 7 مئی 2017 20:50

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے سینئر رہنماء میر محمد عمران جتک نے کہاہے کہ پیپلز پارٹی کو بلوچستان میں جس طرح پذیرائی مل رہی ہے وہ ہمارے مستقبل میں کامیابی کے لئے بہت بڑا پیش خیمہ ثابت ہونے والا ہے ،کرپشن اور خود رو حکمرانیت سے قوم تنگ آچکی ہے سب کی نظریں پیپلز پارٹی پر لگی ہوئی ہیں، پیپلز پارٹی قوم کی امنگوں کی ترجمان جماعت ہے جو آئندہ انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرکے عوام کی سرپرستی اور ان کی نمائندگی کا حق بھر پور طریقے سے ادا کریگی ، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے عہدیداروں کا اعلان کرکے دانشمندانہ فیصلہ سرانجام دیا ہے ، محنتی ، تجربہ کار اور پارٹی کو فعال بنانے کے جذبے سے سرشار صوبائی عہدیداروں کاانتخاب احسن اقدام ہے ان خیالات کا اظہار انہوںنے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

میر محمد عمران جتک نے پیپلز پارٹی کے نئے عہدیداروں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ مرکزی قیادت نے بلوچستان میں پارٹی کے لئے جن عہدیداروں کا اعلان کیا ہے وہ سب مبارک باد کے مستحق ہیں اور امید ہے کہ وہ ایک نئے جوش وجذبہ اور عزم و ہمت کے ساتھ پارٹی کو پورے بلوچستان میں فعال بنائیں گے انہوںنے پیپلز پارٹی بلوچستان کے سینئر نائب صدر میر چنگیز جمالی ، صوبائی نائب صدر اوّل میر مولابخش گورگی ، صوبائی ڈپٹی جنرل سیکریٹری دوئم ربانی خان خلجی ، صوبائی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات حفیظ الملک مینگل ، صوبائی سیکریٹری فنانس ملک عبدالحمید کاکڑ، صوبائی رابطہ سیکریٹری سردار سرور سلیمان خیل صوبائی سیکریٹری ایونٹس اینڈ ریکارڈ آغا ناصر صوبائی میڈیا سیل انچارج حیات خان اچکزئی و اس سے قبل صوبائی صدر و جنرل سیکریٹری اور سیکریٹری اطلاعات کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہاکہ بلوچستان میں پیپلز پارٹی کے عہدیدار بننے والے تمام رہنماء مدبرشخصیت کے حامل سیاسی سوچ اور پارٹی کے لئے قربانی دینے والے رہنماء ہیں اور توقع ہے کہ وہ پارٹی کو بلوچستان میں ایک کا میاب نھج تک لیجانے میں اپنی صلاحیتیں بروئے کار لاکر تاریخی کردار ادا کریں گے ہم انہیںدل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتے ہوئے اپنی جانب سے بھر پور تعاون کا یقین دلاتے ہیں ۔

میر محمد عمران جتک نے کہاہے کہ قوم موجودہ حکومت سے حد درجہ مایوس ہوچکی ہیں اب سب کی نظریں پیپلز پارٹی پر لگی ہوئی ہیں پیپلز پارٹی اپنے دورِ اقتدار میں عوام کو حوصلہ فراہم کرتی ہے اور ان کی مرض و منشاء کے مطابق ہی فیصلہ صادر کرتی ہے اور پھر ان پر عملدرآمد کرکے قوم کا اعتماد بھی حاصل کرتی ہے ۔مستقبل میں بھی قوم نے پیپلز پارٹی سے یہی توقع اورامیدیں وابستہ کر رکھی ہے ۔ عوام کی رہنمائی پیپلز پارٹی نے ماضی میںبھی صحیح معنوں میں کی ہے اور آئندہ اس سے بھی بڑھ کرعوام کو حوصلہ دیگی اور ان کے مفادات کے لئے اقدامات کریگی۔

متعلقہ عنوان :

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں