آلودگی سے پاک ماحول برقرار رکھنے کیلئے درخت لگانا بے حد ضروری ہے ،ڈپٹی کمشنر پنجگور

پیر 17 اپریل 2017 18:05

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2017ء)ڈپٹی کمشنر پنجگور عبدالجبار بلوچ ،ڈی سی کسٹم مقبول بلوچ ایڈیشنل کمشنر قربان علی میجرریاض بلوچ میجر شفیع بلوچ ،محکمہ زراعت آفیسر سمیع بلوچ و دیگر نے کہاہے کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے ۔آلودگی سے پاک ماحول برقرار رکھنے اوراپنے ارد گرد و فضاء کو ترو تازہ رکھنے کے لئے درخت لگانا بے حد ضروری ہے ۔

شہریوں کی جانب سے شجر کاری مہم میں حصہ لینا حوصلہ افزا اقدام ہے ا ن خیالات کا اظہار انہوںنے شاہی باغ خضدار میںپودا لگانے کے موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرخضدار پریس کلب کے صدر عبداللہ شاہوانی سعداللہ مینگل ، نادرمسیح ، محمد ہاشم قلندرانی و دیگر موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر پنجگور عبدالجبار بلوچ نے کہاکہ معاشرے میں شعور و آگاہی بیدار کیا جائے تاکہ لوگ نہ صرف درختوں کی حفاظت کریں بلکہ زیادہ سے زیادہ پودے لگا کر معاشرے کو آلودگی سے پاک کردیں ۔

(جاری ہے)

صوبے کے مختلف حصوں میں محکمہ زراعت کی جانب سے شجر کاری مہم کو جس طرح کامیابی سے ہمکنار کیا گیا ہے وہ حوصلہ افزا ہے ۔درخت لگائے جائیں اور پھر اس کی حفاظت بھی ضروری ہے ۔ اس موقع پر کسٹم آفیسر مقبول بلوچ نے بھی شجر کاری مہم میں حصہ لیا ان کا کہنا تھا کہ سمیع بلوچ اور ان کی ساتھیوں کی جانب سے خضدار کے مختلف مقامات پر شجر کاری مہم میں حصہ لینااحسن اقدام ہے یقینا اس طرح کے اقدامات سے عوام میں شعور و آگاہی بیدار ہوگی اورلوگ درخت لگانے کی جانب متوجہ ہونگے ۔

ہزاروں کی تعداد میں صوبے کے مختلف حصوں میں درخت اگانا یقیناایک اچھی پیش رفت ہے جس سے ماحول کی آلودگی کا خاتمہ ہوگا ماحول ترو تازہ ہوگا۔ ا س سے قبل محکمہ ایگریکلچر آفیسر سمیع بلوچ نے انہیں شجر کاری مہم سے متعلق بریفنگ دی۔

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں