پیرامیڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن نے 17اپریل سے شروع ہونے والے پولیو مہم کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا

جمعرات 13 اپریل 2017 17:12

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اپریل2017ء) پیرامیڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن نے 17اپریل سے شروع ہونے والے پولیو مہم کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا، اور 17اپریل سے مطالبات کے حق میں کوئٹہ کی جانب لانگ مارچ کا اعلان بھی کردیا ،آج یہاں پیرامیڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن خضدار کی احتجاجی ریلی ٹیچنگ ہسپتال خضدار سے برآمد ہوئی ۔جس کی قیادت پیرامیڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن خضدار کے صدر عبداللہ ساسولی کررہے تھے۔

ریلی کے شرکاء ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر نعرے درج تھے ۔جب کہ مظاہرین مطالبات کے حق میں نعرے بازی بھی کررہے تھے۔ریلی کے شرکاء نے احتجاجی مارچ کرتے ہوئے خضدار پریس کلب تک آئے جہاںپیرامیڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن بلوچستان کے صدر اقبال شیخ پیرامیڈیکس خضدار کے صدر عبداللہ ساسولی پیرامیڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن مستونگ کے جنر ل سیکریٹری عبدالسلام شاہوانی و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پیرامیڈیکس کا کردار محکمہ صحت میں نمایاں اور واضح ہے عرصہ چار سال سے ہم اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج پر ہیں جب کہ گزشتہ چھ مہینوں سے مسلسل احتجاج کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

لیکن ہماری بات کی شنوائی نہیں ہورہی ہے محکمہ ہیلتھ میں پیرامیڈیکس 92فیصد خدمات سرانجام دے رہے ہیں جو دن رات اور ہر موسم اور ہر حالات میں اپنا فرض تندہی سے ادا کرتے رہے ہیں ۔ہم کوشش کررہے ہیں کہ ہمارے مسائل گفت و شنید کے ساتھ حل ہوں اور مریضوں کے علاج و معالجے کا سلسلہ نہ رک جائے ۔ہماری اس انسانی خدمت کی سوچ کو محکمہ ہیلتھ کے ذمہ دار واختیار دار اہمیت دینے سے قاصر ہیں لہذا پاکستان پیرامیڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن اپنے حقوق کے حصول کے لئے 17اپریل سے لانگ مارچ اور17اپریل سے پولیو مہم سے احتجاجاً بائیکاٹ کا فیصلہ کرلیا ہے ۔

بلوچستان بھر کی طرح ضلع خضدار کے پیرامیڈیکس اس لانگ مارچ میں بھر پور انداز میں شرکت کریں گے اور آنے والے پولیو مہم سے بائیکاٹ کریں گے ۔ہمارے جتنے بھی مطالبات ہیں انہیں 17اپریل سے قبل منظور کرکے ہمیں لانگ مارچ پر مجبور نہ کیا جائے ۔ ورنہ ہمارا فیصلہ حتمی ہے اور ہم نے فیصلہ کرلیا ہے کہ ہر صورت میں لانگ مارچ کرکے حکومت بلوچستان کے سامنے اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں گے اور مطالبات تسلیم ہونے تک خاموش نہیں بیٹھیں گے ۔

متعلقہ عنوان :

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں