ہماری تنظیم کا بنیادی مقصد غربت کی وجہ سے زندگی کی بازی ہارنے والوں کی زندگی کا تحفظ کرنا ہے،ڈاکٹر عبد القاد ر شاہوانی

اتوار 26 مارچ 2017 21:20

خضدار۔26مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2017ء) خدمت انسانیت دیانت کے ساتھ رفاعی تنظیم کے آرگنائز ر ڈاکٹر عبد القاد ر شاہوانی نے کہا ہے کہ ہماری تنظیم کا بنیادی مقصد غربت کی وجہ سے زندگی کی بازی ہارنے والوں کی زندگی کا تحفظ کرنا ہے۔ ضلع خضدار کے دور دراز پسماندہ علاقوں میں ہر سال سینکڑوں افراد غربت و علاج کی سہولت میسر نہ ہونے کی وجہ سے زندگی کی بازی ہا ر جاتے ہیںجن میں اکثریت خواتین کی ہے ہم اس تنظیم کے پلیٹ فارم سے ان دور دراز علاقوں میں میڈیکل کیمپ لگانے کے علاوہ پاکستان و بیرون ملک انسانیت کی خدمت کرنے والے افراد تنظیموں کو خضدار کے اس انسانی المیہ کی طرف متوجہ کرنا چاہتے ہیں۔

ان خیالا ت کا اظہار ڈاکٹر عبد القادر شاہوانی نے خضدار کے صحافیوں کو تنظیم کے مقاصد کے بارے میں بتاتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز تنظیم کے چیئر مین ٹیچنگ ہسپتال خضدار کے مایہ ناز فزیشن ڈاکٹرنذیر احمد عمرانی، آرگنائزر عبد القادر شاہوانی ، ڈپٹی آرگنائزر محمد طاہر زہری ہیں۔ ہمارا مشن ڈاکٹر ز کے ساتھ جمع شد ہ ادویات کا حصول اور دیگر مختلف ذرائع سے ادویات حاصل کرنا اور ضلع خضدار کے دور دراز علاقوں میں میڈیکل کیمپس لگانا ہے اور ان مریضوں کو علاج و معالجہ کی مفت سہولت فراہم کرنا ہے جو اپنے علاج کے لئے شہر نہیں آسکتے ہیںاور زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں ۔

انہوں نے کہا اللہ کے آخری رسول ﷺ کا فرمان ہے کہ کسی ایک انسان کی زندگی کو بچانا ایسا ہے جیسے پوری انسانیت کی زندگی کو بچاناہے۔ ڈاکٹر عبد القادر شاہوانی نے کہا کہ جھالاوان ایک وسیع علاقہ ہے جس کے اکثر علاقے دور دراز اور پسماندہ ہیں جہاں کے باشندے اپنی غربت کی وجہ سے معمولی امراض سے زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں خاص طور پر خواتین میں زچگی کے دوران شرح اموات پوری دنیا کے پسماندہ ممالک سے بھی زیادہ ہے اس لئے یہاں کے مقامی ڈاکٹروں نے اس حساس مسئلہ پر غورو خوض کے بعد ڈاکٹرز پر مشتمل ایک سماجی تنظیم ( خدمت انسانیت دیانت کے ساتھ ) فلاحی ڈاکٹرز فورم کی تشکیل کی، خدمت انسانیت دیانت کے ساتھ ڈاکٹر ز فورم کی جانب سے کرخ شہر ، گدر ، اندراج ، سول ہسپتال خضدار نال میں فری میڈیکل کیمپ لگایا گیا ہے۔

ہم خدمت انسانیت کے جذبہ سے سر شار ہیں۔ ہمیں اللہ رب العالمین کی قدرت کا مل پر یقین ہے کہ وہ اس خدمت کے لئے ہماری مدد ضرور فرمائیں گے ۔تاہم تمام مخیر حضرات اداروں انسانیت کی خدمت کی تنظیموں سے اپیل کریں گے کہ وہ اس خیر کے کام میں ہمارے ساتھ تعاون کریں ۔

متعلقہ عنوان :

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں