نادار، یتیم اور مستحق خواتین کی مدد کرنا ہمارا اسلامی اور قومی فریضہ ہے، بی آئی ایس پی کے تحت قلات ڈویژن میں تقریباً 98ہزار مستحق خواتین کو ہر ماہ رقم فراہم کی جارہی ہے

ڈویژنل ڈائریکٹر یوسف رودینی کی ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پوسٹ آفس خضدار غلام جیلانی سے ملاقات میں گفتگو

پیر 6 فروری 2017 22:54

خضدار (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 فروری2017ء)ڈویژنل ڈائریکٹر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام یوسف رودینی نے کہاہے کہ نادار، یتیم اور مستحق خواتین کی مدد کرنا ہمارا اسلامی اور قومی فریضہ ہے، بی آئی ایس پی کے تحت قلات ڈویژن میں تقریباً 98ہزار مستحق خواتین کو ہر ماہ رقم فراہم کی جارہی ہے۔ یہ بات انہوں نے گذشتہ روز ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پوسٹ آفس خضدار غلام جیلانی سے ملاقات کے دوران کہی ۔

انہوں نے کہا کہ قلات ڈویژن کے ضلع لسبیلہ، خاران، واشک اور قلات میں بینک کے ذریعے جبکہ خضدار، مستونگ اور آواران میں پوسٹ آفسز کے تحت مستحقین میں رقم تقسیم کی جارہی ہے۔ مستحقین میں ادائیگیوں کو شفاف بنانے کے لئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔بلوچستان کے دوردراز علاقوں کے مستحقین کی شکایات موصول ہوئی ہیں ان کی رقوم میں خوردبرد کی تحقیقات کی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مستحقین کی رقوم میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ملوث افراد کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد بے بس ، لاچار اور مستحقین کو ان کی دہلیز پر ان کا حق دینا ہے اور اس کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ڈی ایس پوسٹ آفس نے ڈویژنل ڈائریکٹر بی آئی ایس پی کو رقوم کی فراہمی میں مشکلات اور مسائل سے آگاہ کیا۔

بعدازاں ڈویژنل ڈائریکٹر نے کمشنر قلات ڈویژن محمد ہاشم غلزئی سے بھی ملاقات کی۔ بی آئی ایس پی کے تحت چلنے والے پروگرامز کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ مستحقین میں رقوم کی فراہمی کے علاوہ ضلع آواران میں وسیلہ تعلیم پروگرام کے تحت بچیوں کو تعلیم دی جارہی ہے اور دیگر اضلاع میں بھی بہت جلد وسیلہ تعلیم اور وسیلہ صحت پروگرامز شروع کئے جائیں گے۔

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں