خضدارمیں زیر زمین پانی کی قلت خطرناک حد تک بڑھ رہی ہے،بی این پی

ہفتہ 4 فروری 2017 20:01

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 فروری2017ء) ٍخضدارمیں زیر زمین پانی کی قلت خطرناک حد تک بڑھ رہی ہے ۔آنے والے وقتوں میں پانی کے حوالے سے خضدار سرآب ثابت ہوسکتا ہے ۔ پانی کی قلت کو خضدار کے عوامی نمائندے سنجیدہ گی سے نہیں لے رہے ہیں ۔ جو کہ ضلع خضدار اور قرب و جوار کے عوام کے لئے المیہ ثابت ہوسکتا ہے ۔صوبائی حکومت خضدار کے اعلان کردہ ڈیمز کے لئے فوری فنڈز جاری کردیں اور ڈیمز تعمیر کا آغاز کیا جائے ۔

ان خیالات کا اظہار کا بی این پی (عوامی) خضدار کے ڈپٹی آرگنائزر حاجی نورالدین چھٹہ تحصیل صدر خضدار رئیس علی حسن موسیانی جنرل سیکریٹری تحصیل زہری محمد ادریس زہری تحصیل خضدار کے جوائنٹ سیکریٹری عبدالطیف رخشانی نے خضدار پریس کلب میں ’’بول کہ لب آزا د ہیں تیری--‘‘پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس سے قبل انہوںنے خضدار پریس کلب کے نومنتخب صدر عبداللہ شاہوانی و دیگر عہدیداروں کو مبارک باد پیش کی ۔

بی این پی (عوامی) خضدارکے رہنمائوں نے کہاکہ خضدار کا سب سے بڑا مسئلہ پانی کا ہے پورے شہر میں پانی کی قلّت پیدا ہوگئی ہے ۔ خضدار کے بیشتر ٹیوب ویلز خشک ہوچکے ہیں ۔اور زیر زمین پانی کی قلت کا مسئلہ پورے خضدار کے عوام کو درپیش ہے ۔ اس جانب سب کو توجہ مبذول کرنا چاہئے خصوصاً حکومت کے اعلان کردہ ڈیمز کی تعمیر شروع کردے۔ خضدار میں ہونے والی بارشوں کا پانی اسٹاک ہونے کی بجائے ندی نالوں کی نظر ہو کر ضائع ہوجاتا ہے ۔

اس کے لئے خصوصی منصوبہ بندی کی ضرورت ہے ۔ خضدار اکثریتی جماعتوںکے لیڈرز کا مرکز ہے لیکن اس کے باوجود خضدار کے عوام کو بے شمار مسائل کا سامنا ہے ۔ قدرتی گیس سے خضدا ر کے عوام یکسر محروم ہیں ملک کے دور دراز شہروں تک قدرتی گیس پہنچ گئی لیکن تاحال خضدار کے عوام اس سہولت سے محروم ہے ۔ بی این پی (عوامی) کے قائد میر اسر اراللہ خان زہری روز اوّل سے خضدا ر کے عوام کو قدرتی گیس کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے لیکن کوئی دوسرا حکومتی عہدیدار اس حوالے سے کوششیں نہیں کررہاہے ۔

انہوںنے کہاکہ بی این پی (عوامی) 5مارچ کو ایک ریلی نکال کر احتجاجی مارچ کریگی جس میں ضلع بھر کے کارکن شرکت کریں گے ۔ اس حوالے سے خضدار کے عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس احتجاجی مارچ میں بھر پور شرکت کرکے اپنے اس حق کے لئے بی این پی (عوامی) کا ساتھ دیں تاکہ حکومت کو اس بات پر مجبور کیا جاسکے کہ وہ خضدار کے عوام کے لئے قدرتی گیس جیسی اہم ضرورت و سہولت کی فوری منظوری دے ۔

بی این پی (عوامی ) کے رہنمائوں نے کہاکہ ہم صحافی برادری کی قدر کرتے ہیں ماضی میں بھی بی این پی عوامی صحافیوں کے شانہ بشانہ رہی ہے اور آئندہ بھی ہم صحافیوں کے ہم پلّہ رہ کر ان کا ساتھ دیتے رہیں گے ۔ نئی کابینہ کے انتخاب پر ہمیں خوشی محسوس ہورہی ہے صحافیوں نے جس جمہوری طرز عمل کو اپنا یا ہے وہ سب کے لئے مثال ہے ۔

متعلقہ عنوان :

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں