عوام کی فلاح وبہبود کیلئے وفاق بلوچستان میں خصوصی پیکیج کا اعلان کرے ،رکن قومی اسمبلی مولانا قمرالدین

ہفتہ 17 دسمبر 2016 18:47

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 دسمبر2016ء) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی نائب امیر و رکن قومی اسمبلی مولانا قمرالدین نے کہاہے کہ عوام کی فلاح وبہبود کے لئے وفاق بلوچستان میں خصوصی پیکج کا اعلان کرے ۔صوبے میںبے روزگاری ، صحت اور تعلیم و پینے کے صاف پانی کے حوالے سے عوام کو بے حد مشکلات کاسامنا ہے ۔خضدار سمیت پورے صوبے میں پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے ۔

پہلے پانی کی قلت دیہات اور قصبوں میں تھی اب یہ گھمبیر مسئلہ شہروں میں پیدا ہوگیا ہے ۔ جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر نقل مکانی کا خطرہ ہے ان خیالات کا اظہار انہوںنے اسلام آباد میں وفاقی نمائندوں سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جے یوآئی رہنماء حافظ طلحہ قمر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ایم این اے مولانا قمرالدین نے کہاکہ سی پیک کی تعمیر و ترقی کے ساتھ ساتھ قریب آنے والے شہروں میں بسنے والے عوام کو بھی وہ سہولت دی جائے کہ جس سے لوگوں کی غربت و پسماندگی کاخاتمہ ہوسکے۔

اس حوالے سے وفاقی حکومت کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومت کو بھی اپنی ذمہ داریاں نبہانی ہونگی تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو اور عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات میسر آسکیں ۔حکومت پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے خصوصی پیکج کا اعلان کرکے عوام کی اس اہم ضرورت کو پوراکرنے کے لئے اقدامات کرے ۔ پانی زندگی ہے جب پانی نہیں ہوگا توعوام کیسے زندگی گزار سکیں گے ۔

بلا تاخیر پانی کی فراہمی کے لئے حکومت کو سوچ و بچار کرکے اہم پیکج دینے کے لئے اقدامات کرنے ہونگے ۔ایم این اے مولانا قمرالدین نے کہاکہ حکومت دعوائوں اور وعدوں کے بجائے عملی اقدامات کرتے ہوئے عوام کی فلاح وبہبود کے لئے اقدامات کرے تاکہ لوگوں کی احساس محرومی ختم ہو اور وہ زندگی کی بنیادی ضرورتوں سے مستفید ہوسکیں ۔انہوںنے کہاکہ ہمیں جو تھوڑے بہت فنڈز ملتے ہیں وہ پانی و بجلی سمیت دیگر منصوبوں پر خرچ کرتے ہیں ۔تاہم آبادی اور علاقے اور عوامی مسائل زیادہ ہیں ۔یہ مخصوص فنڈ عوامی مسائل کا احاطہ نہیں کرسکتے ہیں۔

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں