جمعیت علماء اسلام کے رکن قومی اسمبلی مولانا قمرالدین کی وفاقی وزراء اور سیکرٹریز سے ملاقاتیں ‘خضدار کے عوام کے مطالبات اور مشکلات سے آگاہ کیا

بدھ 7 دسمبر 2016 22:49

خضدار (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 دسمبر2016ء) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی نائب امیر رکن قومی اسمبلی مولانا قمرالدین نے آج یہاں اسلام آباد میں وفاقی وزراء اور وزیراعظم سکرٹریٹ کے سیکرٹریز سے ملاقاتیں کی اور انہیں خضدار کے عوام کے مطالبات اور مشکلات سے آگاہ کیا۔جمعیت علماء اسلام کے رکن قومی اسمبلی مولانا قمرالدین نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ خضدار کے عوام کے لئے قدرتی گیس فراہمی منصوبے کا کیبنٹ ڈویڑن اورفنانس کمیٹی سے منظوری ہو چکی ہے اس عوامی منصوبے پر بہت جلد انشاء اللہ کام شروع کردیا جائیگا۔

اس کے علاوہ وفاقی حکومت کی جانب سے خضدار میں دو ار ب روپے سے زائد لاگت سے 250بیڈ پر مشتمل ایک جدید ہسپتال بنایا جارہاہے۔ جس سے نہ صرف ضلع خضدار بلکہ پورے ڈویڑن کے عوام کوعلاج و معالجے کے حوالے سے سہولت میسرآئیگی اور انہیں بڑے شہروں میں جانے کی بجائے خضدار میں اپنا علاج کراسکیں گے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ آئندہ سال مارچ میں ایم 8گوادر رتوڈیروشاہراہ مکمل ہورہاہے جس سے آمدور فت اور تجارت کی سہولت میسرآئیگی اس شاہراہ کا م کاافتتاح کرنے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نوا زشریف خضدار کادورہ کریں گے۔

خضدار بیسمہ شاہراہ پر کام اگلے چند ہفتوں میں شروع ہوگا۔ ایم این اے مولانا قمرالدین نے کہاکہ عوام کے مسائل کے حل اور ان کی ضرورتوں کوپورا کرنے کے لئے وفاقی سطح پر قومی اسمبلی سمیت ہر فورم پر عوام کا ترجمان بن کر ان کے مطالبے کو اختیار داروں کے سامنے رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ خضدار کوقدرتی گیس کی سہولت کی فراہمی اور ہسپتال کے قیام سے عوام کا دیرینہ مسئلہ حل ہوجائیگا۔ صوبے سے محرومیوں کے خاتمہ کے لئے وفاقی حکومت کو اس سے چند قدم آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔تاکہ عوام کے مسائل کو مذیدحل کیا جاسکے اور ان کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کی فراہمی کو ممکن بنایاجاسکے۔

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں