خضدار شہر کی خوبصورتی کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کررہے ہیں ،مستقبل میں عوام تبدیلی دیکھیں گے،میر عبدالرحیم کرد

ہفتہ 12 نومبر 2016 14:44

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2016ء)میئر خضدار میر عبدالرحیم کرد نے کہاہے کہ خضدار میں شہری مسائل کے حل کے لئے اقدامات بدستور جاری ہیں ۔ سیوریج سسٹم اور شہر کی خوبصورتی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ شہر ی نظام کی بحالی کے لئے ہم اپنی ترجیحات پر تیزی کے ساتھ گامزن ہیں۔ ان خیالات کا اظہارا نہوںنے گزشتہ روز گزگی میں سیوریج سسٹم کی درستگی کامعائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر چیف آفیسر خضدار عبدالقیوم عمرانی بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

میئر خضدار میر عبدالرحیم کرد نے کہاکہ دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے عوامی مسائل کے حل کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے ہم نے پہلے ہی عوام سے وعدہ کیا تھا کہ لوگوں کے بنیادی مسائل کے حل کے لئے اپنی توانائیاں صرف کریں گے ۔

(جاری ہے)

جس پر بدستور عملدرآمد جاری ہے ۔ اور ہم نے عوامی خدمت کی ذمہ داری جس دن سے سنبھال رکھی ہیں اسی روز سے آج تک شہرکی خوبصورتی اورعوام کے مسائل کے حل کے لئے اقدامات کرتے رہے ہیں ۔

اور یہ سلسلہ آج بھی بدستور جاری ہے ۔ہماری کوشش ہے کہ عوام کے مسائل جلد ازجلد حل کردیں ۔ انہوںنے کہاکہ میں گورنربلوچستان محمد خان اچکزئی کے ہمراہ چین کے دورے پر جارہاہوں جہاں ہمیں شہری مسائل اور منصوبہ بندی کے طریقے سے بھی آگاہی حاصل ہوسکے گی ۔ چونکہ خضدار اقتصادی راہداری کے سنگم پر واقعہ ہے چین ہمارا ہمسایہ اور دوست ملکوں میں شامل ہے ۔ اور ان سے سی پیک اور خضدار شہر کو ماڈل سٹی بنانے کے حوالے سے گفت و شنید کا موقع مل سکے گا ۔ ہم پُرامید ہیں کہ خضدار شہر آنے والے دنوں میں خوبصورت اور معیاری شہروں میں شمار ہوسکے گا ۔

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں