ڈاکٹرز عوام کو علاج و معالجے کی سہولتیں فراہم کرنے میں ہر ممکن اقدامات کریں ٬ ڈپٹی کمشنر خضدر

بدھ 2 نومبر 2016 21:15

خضدار۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 نومبر2016ء) ڈپٹی کمشنر خضدر سہیل الرحمان بلوچ نے کہا ہے کہ ڈاکٹرز عوام کو علاج و معالجے کی سہولتیں فراہم کرنے میں ہر ممکن اقدامات کریں تاکہ بے سہارا اورمستحق مریضوں کو بر وقت اور بلاتاخیر علاج کی سہولتیں ممکن ہو سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹیچنگ اسپتال خضدار کے دورے کے موقع پر ڈاکٹروں سے ملاقات کے دورا ن کیا ۔

انہوں نے ہسپتال کے مختلف وارڈز اور شعبوں کا معائنہ کیامریضوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ ڈپٹی کمشنر خضدار نے کہا کہ اگر نیت صاف اورجذبہ خدمت انسانیت ہو تو مشکل سے مشکل مسائل بھی راستے میں حائل نہیں ہوتے ۔انہوں نے کہا کہ طب سے وابستہ طبقے کو مسیحائی کا درجہ دیا گیا ہے کہ وہ جان بچانے جیسے شعبے سے وابستہ ہیں اگر کسی ڈاکٹر کی کوتاہی اور غفلت کے باعث کسی کی جان چلی جاتی ہے تو اس سے بڑا گناہ اور جرم نہیں ہوسکتا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے موقع پر موجود میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد اسماعیل باجوئی سے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے صفائی سے ہی صحت پر مثبت اور منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔ہسپتال میں صفائی پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ مریضوں اور ان کے ساتھ آنے والوں کو صفائی کے ناقص نظام لگنے والے امراض سے محفوظ ہوں ۔انہوں نے کہا کہ شعبہ صحت اور تعلیم پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ قابل قبول نہیں ۔

انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو متنبہ کیا کہ وہ ڈاکٹروں کی روزانہ کی بنیاد پر حاضری کو یقینی بنائیں تاکہ دور دراز علاقوں سے آنے والے مریضوں کو علاج و معالجے کی سہولتیں بروقت اور بلا تاخیر فراہم ہو سکیں ۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد اسماعیل باجوئی نے ڈپٹی کمشنر کوہسپتال کو در پیش مشکلات و مسائل سے آگاہ کیا٬ جس پر ڈپٹی کمشنر نے انہیں یقین دلایاکہ ہسپتال کو درپیش مسائل حل کرنے کے لیئے ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں