بھارت مسلسل عالمی قوانین کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے پاکستان میں مداخلت کررہاہے ،مسلم لیگ (ن) خضدار

اتوار 9 اکتوبر 2016 17:00

خضدار(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9 اکتوبر- 2016ء) مسلم لیگ (ن) خضدار کی جانب سے انڈیاکی پاکستان میں مداخلت ،اور ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار آغا شکیل احمددرانی و ان کے ساتھیوں کے قافلے پر حملے کے خلاف ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی ۔ ریلی خضدار بازار سے مسلم لیگ (ن) خضدار کے جنرل سیکریٹری سردار عزیز محمد عمرانی کی قیادت میں نکالی گئی ۔ریلی میں سینکڑوں پارٹی و کرزاور دیگر شہری اور درجن بھر گاڑیاں شامل تھی۔

ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر انڈیا کی مداخلت کے خلاف نعرے درج تھے ۔ شرکاء مارچ کرتے ہوئے خضدار پریس کلب پہنچے ۔ جہاں انہوں نے مودی کا پتلا بھی نظرآتش کردیا اور اس پر لاٹھی برسائے ۔خضدار پریس کلب کے سامنے مظاہرین سے مسلم لیگ (ن) خضدار کے جنرل سیکریٹری سردارعزیز محمد عمرانی ، میر جمعہ خان شکرانی، بشیراحمد جتک میر سعید احمد زرکزئی ، میر اورنگزیب زہری ، وڈیرہ محمد صالح جاموٹ ،میرعبدالستار لانگوحاجی عبیداﷲ قمبرانی ، منیراحمد قمبرانی ، عبدالوہاب عمرانی ، شاہجہان عمرانی ، محمد اسماعیل مینگل ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھارت مسلسل عالمی قوانین کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے پاکستان میں مداخلت کررہاہے ۔

(جاری ہے)

ان کے ایجنٹ بلوچستان سے پکڑے گئے اور اب بار بار پاکستان کو دھمکیاں دینا او ر کشمیر کے مسلمانوں کی بے دردی سے شہادت انڈیاکا وطیرہ بن چکا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت اس خوش فہمی میں نہ رہے کہ وہ پاکستان کو دباؤ میں لاکر ہمیں ترقی سے روکے گا ۔ پاکستان ایک خود مختار ملک ہے اور ہم نے جو معاشی ترقی اور سی پیک کامنصوبہ شروع کررکھے ہیں وہ انشاء اﷲ کامیاب ہوگا اور پاکستان پوری دنیاء میں ایک معاشی مرکز و حب ثابت ہوگا ۔

بھارت کو منہ کی کھانی پڑیگی۔ بھارت اپنے دہشت گردانہ رویہ سے باز آتے ہوئے پاکستان میں مداخلت او رسرحد پار دراندازی روک دے ۔ مقررین نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کو پاکستان میں مداخلت سے روک دے۔ مظاہرین نے گزشتہ دنوں تربت میں ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار آغا شکیل احمدد رانی اور اس کے قافلے پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ اس طرح کے بزدلانہ کارروائیوں سے پارٹی رہنماؤں اور ورکرز کو عوامی خدمت سے روکا نہیں جاسکتا ہے ۔

ہم نے عوامی خدمت اور جمہوری طرز سیاست کی جو ذمہ داری لی ہیں اسے پورا کریں گے ۔ ایک پُرامن رہنماء اور اس کے قافلے پر حملہ اوچھے ہتکنڈے اور بزدلانہ فعل ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار آغا شکیل احمد درانی ہر دلعزیز رہنماء ہیں اور ان کے ساتھ پورے بلوچستان کے عوام کی ہمدردیاں شامل ہیں ۔ اس طرح کے بزدلانہ حملے انہیں ان کے مقاصد اور کاز سے نہیں روک سکتے ہیں ۔ مظاہرہ کے بعد مظاہرین پُرامن انداز میں منتشر ہوگئے ۔

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں