بی این پی عوامی نے اقتدار میں رہ کر عوام کی بے لوث خدمت کی ہے،میر ظفراللہ زہری

جمعہ 7 اکتوبر 2016 16:14

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔۔07 اکتوبر۔2016ء) بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے مرکزی رہنماء،سابق صوبائی وزیر داخلہ و رکن بلوچستان اسمبلی میر ظفراللہ خان زہری نے تربت،پنجگور و خضدار سمیت جھالاوان و مکران کے دیگر علاقوں سے مختلف سیاسی و قبائلی شخصیات کی بی این پی عوامی میں شمولیت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام میں بی این پی عوامی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اورپذیرائی اس بات کا مظہر ہے کہ بلوچستان میں آج بھی لوگ بی این پی عوامی اور اس کے قائدین کو اپنا واحد نجات دہندہ سمجھتے ہیں۔

میر ظفراللہ خان زہری نے کہا ہے کہ بی این پی عوامی نے اقتدار میں رہ کر عوام کی بے لوث خدمت کی ہے اور نوجوانوں کو روزگار دیا ہے جبکہ مخالفین عوامی خدمت کے بجائے اپنی جیبیں بھرنے،مال بنانے اور سودا گری میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے لفاظی سیاست مسترد کردی ہے اور ان کو اس بات کا ادراک ہے کہ قوم پرستی کے نام پر ان کے مفادات کا سودا کیا جارہا ہے۔

اسی لےئے اب لوگوں کی نظریں بی این پی عوامی اور اس کے قائدین پر مرکوز ہیں اور وہ دیگر جماعتوں سے مایوس ہوکر بی این پی عوامی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بی این پی عوامی بلوچستان کے قومی مفادات کی محافظ جماعت ہے اور ہماری سیاست عوامی مفادات کے تابع ہے۔بی این پی عوامی کے قائدین کی قول و فعل کی یکسانیت اور بلارنگ و نسل عوام کی خدمت ہی بی این پی عوامی کی مقبولیت کا سبب بن رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ2013ء کے انتخابات میں ایک سازش کے تحت مکران میں بی این پی عوامی کی مینڈٹ پر شب خون مارا گیا لیکن 2018ء کے انتخابات میں ایک بار پھر بی این پی عوامی اپنی کارکردگی کی بنیاد پر انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی ۔

متعلقہ عنوان :

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں