خضدار میں زیر زمین پانی کے ذخائرختم ، شہر و مضافات میں پانی کی قلت کا خطرناک بحران پیدا ہوگیا

بدھ 15 جون 2016 19:52

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 جون ۔2016ء) خضدار میں زیر زمین پانی کے ذخائرختم ، شہر و مضافات میں پانی کی قلت کا خطرناک بحران پیدا ہوگیا ہے، پانی کی قلت ایک المیہ سے کم نہیں ہوسکتا ہے اس کوسنجیدگی سے نہیں لیا جارہاہے ۔ ہنگامی بنیادوں پر اقدامات نہیں کئے گئے تو خضدار ویرانی کا منظر پیش کریگا لوگ نقل مکانی پر مجبورہوجائیں گے ۔

شہر میں کوشک ندی اور کھٹان ندی پر چیک ڈیمزفوری طور پر تعمیر ناگزیر ہوگیاہے ۔ تفصیلات کے مطابق اس وقت ضلع خضدار کے کسی بھی شہری چھوٹے اور بڑے سے پوچھا جائے تو انہیں پانی کی قلت ستائے جارہاہے ۔ شہر کے اکثر علاقوں میں پانی کی کنوئیں تو سالوں پہلے خشک ہوچکے تھے اب واٹر سپلائی اسکیمز، بوربھی خشک ہوچکے ہیں۔ پورے علاقے میں کربلا کا منظر ہے ۔

(جاری ہے)

بچے بوڑھے خواتین ہر کوئی برتن ہاتھ میں لیکر مارے مارے پانی کی بوند بوند کے لئے پھررہے ہیں اب شہریوں نے زندگی کی تمام تر سہولیات کو چھوڑ کر صرف پانی کے حصول اور فراہمی کیلئے اپیلیں شروع کردی ہیں ۔ شہر میں صورتحال یہی رہی تو لوگ ہزاروں کی تعداد میں نقل مکانی پر مجبور ہوجائیں گے ۔اور خضدار ویرانی کا منظر پیش کریگا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر شہر کے مضافات کوشک ندی اور کھٹان پُل پر چھوٹے لیول کے یعنی چیک ڈیمز تعمیر ہوتے تو لوگوں کو آج یہ دن دیکھنا نہیں پڑتا ۔

ماہر انجینئرز کا کہنا ہے کہ جن ڈیمز کو شہر سے باہر اور خطیر رقم سے تعمیر کرایا گیا ان کا کوئی بھی فائدہ آبادیوں کو نہیں ملا ۔ چھوٹے ڈیمز نہ صرف کم لاگت میں تعمیر ہوتے ہیں بلکہ ان سے شہریوں کو پانی کی قلت کے حوالے سے مسئلے کا حل بھی ممکن ہوسکتا ہے ۔ اب پانی کی قلت کو سنجیدگی سے لیکر ڈیمز تعمیر کو ایمرجنسی کی صورت میں لیا جائے ۔ خضدار شہر میں پانی کی قلت دور کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں ۔

کوشک اور کھٹان ندی اس حوالے سے اچھے پوائنٹس ہیں جہاں چیک ڈیمز بنا کر شہر میں بارشوں کے پانی کو روک کرشہر میں پانی کی قلت کے مسئلے کو حل کیا جاسکتا ہے ۔ پانی زندگی ہے جب پانی نہیں میسر نہیں آئیگاتو یہاں انسانوں کارہنا بھی ناممکنات میں سے ہوگا ۔ ماہر انجینئرز کا کہنا تھا کہ یہ اقدام سالوں میں نہیں بلکہ دنوں میں کرنے کی ضرورت ہے بصورت دیگر یہاں پانی نہیں ملیگااور عوام خضدار کے اس عظیم شہر کو چھوڑ کرنقل مکانی پر مجبور ہوجائیں گے ۔ یہ ضلع وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کا ہوم ڈسٹرکٹ ہے انہیں خود توجہ دیکر یہاں پانی کی قلت کے خاتمہ کے لئے فوری طور پر چیک ڈیمز تعمیر کرنے کے لئے منصوبے تشکیل دینے ہونگے ۔اور عوام کو پانی جیسی زندگی فراہم کرنی ہوگی ۔۔

متعلقہ عنوان :

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں