عوام کو دہشت گردوں اور سماج دشمن عناصر کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا،نواب ثناء اللہ زہری

ماضی میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی جانب سے آنکھیں بند کر لینے کی وجہ سے حالات خراب ہوئے،وزیراعلیٰ بلوچستان

ہفتہ 28 مئی 2016 22:32

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 مئی۔2016ء ) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ عوام کو دہشت گردوں اور سماج دشمن عناصر کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا، ماضی میں دہشت گردی کی کاروائیوں کی جانب سے آنکھیں بند کر لینے کی وجہ سے حالات خراب ہوئے لیکن اب ایسا نہیں ہوگا، ہم نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے اور وہ چھپتے پھر رہے ہیں، ان کے لیے پیغام ہے کہ وہ پر امن ہو کر قومی دھارے میں آجائیں اگر وہ نہیں آتے تو ہم ان کو ڈھونڈ نکالیں گے، اب مزید ظلم و زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ(ن) کے کارکنوں کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر جمعیت علماء اسلام ، بی این پی (مینگل )اور بی این پی (عوامی ) کے ضلعی عہدیداروں نے اپنے ساتھیوں سمیت مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کا اعلان کیا، اجتماع سے صوبائی وزیر سردار محمد اسلم بزنجو، صوبائی مشیر محمد خان لہڑی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا، اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ میرے قائد وزیراعظم محمد نوازشریف کا وژن ایک پڑھا لکھا خوشحال پاکستان ہے اور ان کی پیروی میں میرا عزم ایک پڑھا لکھا اور پرامن بلوچستان ہے، وزیراعلیٰ نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایک روشن اور تابناک مستقبل ان کا منتظر ہے وہ اپنی تمام تر توجہ حصول تعلیم و ہنر پر مرکوز رکھیں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ آئندہ مالی سال میں بلوچستان کے پڑھے لکھے اور باصلاحیت طلباء و طالبات کے لیے میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ کی فراہمی کی اسکیم شامل کی جا رہی ہے اور وہ خود خضدار آکر طلبا میں لیپ ٹاپ تقسیم کریں گے۔

متعلقہ عنوان :

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں