خضدار کے چیئرمین ضلعی کونسل کے مکان پر دستی بم حملہ‘گھر کو جزوی نقصان پہنچا

جمعرات 24 مارچ 2016 12:23

خضدار (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 مارچ۔2016ء) بلوچستان کے ضلع خضدار میں چیئرمین ضلعی کونسل اور حکمران جماعت (ن) لیگ کے رہنما آغا شکیل احمد درانی کے مکان پر دستی بم کا حملہ ہوا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ جمعرات کو پولیس اہلکار نے میڈیا کو بتایا کہ چیئرمین ضلعی کونسل کے مکان پر نامعلوم افراد نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب دستی بم سے حملہ کیا۔

اہلکار کے مطابق دستی بم مکان کے اندر صحن میں گر کر زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔چیئرمین ضلعی کونسل آغا شکیل درانی وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری کے قریبی رشتہ دار ہیں۔اس دستی بم کے حملے سے مکان کو معمولی نقصان پہنچا لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔اہلکار کے مطابق دستی بم پھینکنے والے افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیاسی کارکنوں کے مکانوں پر نامعلوم افراد نے حملے کیے ہیں۔

آغا شکیل درانی گذشتہ سال خضدار کے ضلعی چیئرمین منتخب ہوئے تھے۔ان کے مکان پر حملے کے محرکات معلوم نہیں ہوسکے ہیں۔ تاحال کسی بھی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔خضدار شہر کوئٹہ سے جنوب مغرب میں کوئٹہ کراچی ہائی وے پر واقع ہے۔خضدار شہر چند سال قبل تک بدامنی کی شدید لپیٹ میں تھا لیکن گذشتہ ڈیڑھ دو سال سے شہر میں بدامنی کا کوئی بڑا واقعہ رونما نہیں ہوا۔

متعلقہ عنوان :

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں