خضدار کے سڑکوں پر 21کروڑ روپے خرچ ہورہے ہیں، مزید رقم سے شہر کی خوبصورتی کے لئے اقدامات کرتے ہوئے نواحی محلوں تک ترقیاتی منصوبے شروع کریں گے ، میئر میونسپل کارپوریشن خضدار میر عبدالرحیم کردکی وفد سے بات چیت

بدھ 16 ستمبر 2015 16:33

خضدار۔16 ستمبر ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 ستمبر۔2015ء )خضدارنیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء اور میئر میونسپل کارپوریشن خضدار میر عبدالرحیم کرد نے کہاہے کہ ہمیں کرسی سے زیادہ عوام کے مفادات عزیز ہیں جتنا عرصہ خضدار کے عوام نے ہمیں خدمت کا موقع دیا وہ عوام کی خوشحالی اور شہر کو خوبصورت بنانے اور سنوارنے میں گزاریں گے ،ہرآنے والے دن کے ساتھ خضدار کی خوبصورتی اور رونق بڑھتا جائیگا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے خضدار کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ میئر خضدار میر عبدالرحیم کرد نے کہاہے جب ہم منتخب ہوئے تھے تو عوام سے وعدے کرکے ان کو پورا کرنے کا عہد کرلیا تھا یہ وعدے بتدریج پورے ہورہے ہیں جس کا اظہار ہم نہیں بلکہ خضدار کے عوام خودکرتے ہیں ۔ آج خضدار کا ہر فرد چاہے اس کا تعلق کسی بھی جماعت سے ہو وہ اس بات کا برملا اظہا ر کررہاہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران خضدار میں کافی تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے ۔

(جاری ہے)

سیوریج کا سسٹم بہتر ہوا۔ شہروں گلی محلوں کی صفائی کردی گئی ۔ ٹریفک کادیرینہ مسئلہ حل کردیاگیاہے۔بازار، جھالاوان کمپلیکس، ارباب کمپلیکس سمیت دیگر عوامی مراکز آباد ہیں ۔اب آگے ہمیں اور بہت سے کام کرنے ہیں ۔ جن کے لئے ہم نے منصوبہ بنا رکھا ہے ۔ دیانتداری کا حق ادا کرتے ہوئے عوام کا ایک ایک پیسہ عوام اور اس شہر کی خوبصورتی پر خرچ کریں گے ۔ ہم اپنی پوری مدت میں عوام کے مسائل ان کے دہلیز پر حل کرکے خدمت کے اعزاز میں کامیاب و کرامران ہوجائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ خضدار کے سڑکوں پر 21کروڑ روپے خرچ ہورہے ہیں، مزید رقم ہمیں ملنے والی ہے جس سے خضدار شہر کی خوبصورتی کے لئے اقدامات کرتے ہوئے نواحی محلوں تک ترقیاتی منصوبے شروع کریں گے ۔

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں