ملک و قوم کی سیاسی ، سماجی اور معاشرتی ترقی کیلئے بدعنوانی سے پاک معاشرے کاقیام ناگزیر ہے،عبدالوحید شاہ

ہفتہ 13 دسمبر 2014 20:59

خضدار( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 دسمبر 2014ء)ملک و قوم کی سیاسی ، سماجی اور معاشرتی ترقی کیلئے بدعنوانی سے پاک معاشرے کاقیام ناگزیر ہے جس کیلئے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردارا دا کرنا چاہئے ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالوحید شاہ نے اینٹی کرپشن خضدار سرکل کے زیراہتمام سیمینار بعنوان رشوت ستانی کے خلاف حکومت کا جہاد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ بدعنوانی ایک ناسور ہے جو ہمارے معاشرے کو دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے موجودہ حکومت بدعنوانی کے خاتمے کیلئے سنجیدگی سے اقدمات اٹھارہی ہے اور محکمہ انسداد بدعنوانی کو فعال بناکر معاشرے سے اس ناسور کے خاتمہ کا عزم کررکھا ہے انہوں نے کہا کہ بدعنوانی کو ہم گڈ گورننس سے ہی ختم کرسکتے ہیں جب ہر شہری کو اس کا حق ملے گا تو بدعنوانی و رشورت ستانی از خود ختم ہوجائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بدعنوانی سے ملک و قوم کی تعمیر و ترقی بری طرح متاثر ہوتی ہے اس سے قبل اینٹی کرپشن خضدار سرکل کے انچارج عطاء المنیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی سے چھٹکارہ حاصل کرنے کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہے۔ کرپشن کے ناسور کا خاتمہ صرف ایک محکمہ کی ذمہ داری نہیں بلکہ اس کیلئے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے انہوں نے کہا کہ ہر سال 9دسمبر کوہم یوم انسداد بدعنوانی مناتے ہیں آج بھی ہمیں عزم کرنا چاہئے کہ اپنی آنے والی نسل کی ترقی کیلئے اپنے معاشرے سے اس ناسور کا خاتمہ کرنا ہے انہوں نے کہا کہ اینٹی کرپشن خضدار سرکل نے پانچ روزہ انسداد بدعنوانی مہم شروع کی ہے جس کا مقصد عام آدمی کو بدعنوانی سے معاشرے پر پڑنے والے برے اثرات کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا ہے سیمینار سے سلطان احمد شاہوانی، عزیز کرد، خلیل رودینی اور سیف اللہ شاہوانی نے بھی خطاب کیا۔

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں