سعد اللہ بلوچ کو چھ سال کا طویل عرصہ مکمل ہوگیا لیکن وہ تاحال بازیاب نہیں ہوسکا، اہلخانہ

منگل 26 اگست 2014 17:17

خضدار (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26اگست۔2014ء) لاپتہ سیاسی کارکن سعد اللہ بلوچ کے اہلخانہ نے کہا ہے کہ سعد اللہ بلوچ کو چھ سال کا طویل عرصہ مکمل ہوگیا لیکن وہ تاحال بازیاب نہیں ہوسکا، سعد اللہ بلوچ کو 25 اگست 2009 ء کو رمضان شریف کے بابرکت مہینے میں دوکان سے گھر آتے ہوئے بازار سے ایف سی اہلکاروں نے اغواء کرکے لاپتہ کیا، اْس کی بازیابی کے لئے سپریم کورٹ، ہائی کورٹ، عدالتی کمیشن سمیت دیگر دروازوں کو کھٹکھٹایا لیکن ہمیں کسی ریاستی ادارے سے کوئی خاطرخواہ جواب نہیں مل سکا نہ ہمیں ان اداروں سے کوئی انصاف مل سکا اہلخانہ نے مزید کہا کہ سعد اللہ بلوچ ایک قوم پرست سیاسی کارکن اور اسپورٹس مین تھا جو سیاسی جدوجہد اور تحریر و تقریر کے ذریعے بلوچ قوم کے حقوق کی حصول کے لئے آواز بلند کررہا تھا جو کچھ نادیدہ قوتوں کو ناگوارہ گزرا اور انہوں نے غیر قانونی طریقے سے اْن کو اغواء کرکے لاپتہ کئے۔

(جاری ہے)

اگر انہوں نے کوئی جرم کیا تھا تو اْنہیں عدالت میں پیش کرکے ان کا جرم ثابت کرکے سزا دیتے تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہوتا۔ سعد اللہ بلوچ کے لاپتہ ہونے سے پورا خاندان کرب میں مبتلا ہے اور اس کی والدہ بھی اپنے بیٹے کے انتظار میں شدید بیمارہیں اور اْس کے بچے بھی اسکول نہیں جاسکتے۔ اْنہوں نے اقوام متحدہ، انسانی حقوق کی تنظیموں سے سعد اللہ بلوچ سمیت دیگر لاپتہ افراد کی باحفاظت بازیابی کے لئے ٹھوس اقدامات اْٹھانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مہذب دنیا ہمارے بچوں کے بازیابی کے لئے ہماری مدد کریں۔

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں