کوئٹہ اور خضدار میں اہلسنت و الجماعت کی اپیل پر رہنماؤں وکارکنوں کی گرفتاریوں اور مبینہ آپریشن کے دوران بے گناہ افراد کی ہلاکت کیخلاف مکمل شٹرڈاون ہڑتال ، تما م چھوٹے بڑے کاروباری مراکز بند رہے ،کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے انتظامیہ کے سخت حفاظتی انتظامات

ہفتہ 23 فروری 2013 18:55

کوئٹہ/خضدار(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔23فروری۔2013ء) کوئٹہ اور خضدار میں اہلسنت و الجماعت کی اپیل پر رہنماؤں وکارکنوں کی گرفتاریوں اور مبینہ آپریشن کے دوران بے گناہ افراد کی ہلاکت کے خلاف مکمل شٹرڈاون ہڑتال رہی ، تما م چھوٹے بڑے کاروباری مراکز بند رہے ، ہڑتال کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے انتظامیہ نے موثر حفاظتی انتظامات کئے تھے ۔

تفصیلات کے مطابق ہفتے اہلسنت و الجماعت کی اپیل پر کارکنوں کی گرفتاریاں اور آپریشن کے دوران بے گناہ افراد کی ہلاکت کے خلاف کوئٹہ میں شٹرڈاؤن ہڑتال کی گئی اس دوران لیاقت بازا ر ستار روڈ، جناح روڈ، قندھاری بازار ،فاطمہ جناح روڈ ،مسجدروڈ،پرنس روڈ،میکانگی روڈ، مشن روڈ، سورج گنج بازار ، علمدار روڈ، طوغی روڈ ،بروری روڈ، جائنٹ روڈ، سریاب روڈ،سمنگلی روڈ،اور دیگر علاقوں میں تما م چھوٹے بڑے کاروباری مراکز بند رہے ۔

(جاری ہے)

اہلسنت والجماعت کے کارکن ہڑتال کو کامیاب بنانے کے لئے شہر کے مختلف علاقوں میں پیدل او رموٹرسائیکلوں پر گشت کرتے رہے ہڑتال کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے فرنٹیر کور بلوچستان ، پولیس ، بلوچستان کانسٹیبلری اوربھاری نفری شہر میں تعینات کی گئی تھی شہر میں مسلح دستے اور بکتر بند گاڑیاں گشت کرتی رہیں جبکہ فرنٹیر کور کے اہلکاروں نے مختلف مقامات پر مشکوک گاڑیوں اور موٹرسائیکل سواروں کی تلاشی کرتے رہے ۔ دریں اثناء اہلسنت والجماعت اپیل پر خضدار میں بھی مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال رہی جس کے باعث شہر کے چھوٹے اور بڑے کاروباری مراکز بند رہے ، ہڑتال کی وجہ سے پٹرول پمپس پر بھی تالا لگا رہا ، ہڑتال کے موقع پر پولیس اور اے ٹی ایف کے دستے شہر میں گشت کرتے رہے ۔

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں