کوئٹہ میں جو کچھ ہورہا ہے اسکا حل گورنر راج یاشہر کو فوج کے حوالے کرنا نہیں ، قتل وغارت گری کے اصل محرکات کوسامنے لایاجائے،قوم کو اندھیرے میں رکھاجارہاہے ، ناانصافیوں کا خاتمہ کئے بغیر ہم اندرونی وبیرونی چیلنجوں سے نہیں نمٹ سکتے،جمعیت علماء اسلام (ف)بلوچستان کے امیر مولانا محمدخان شیرانی کی پارٹی وفد سے بات چیت

منگل 19 فروری 2013 22:19

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔19فروری۔2013ء) جمعیت علماء اسلام (ف)بلوچستان کے امیراور اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین مولانا محمدخان شیرانی نے کہا ہے ملک میں جاری قتل وغارت گری کے اصل محرکات بارے ادارے قوم کو اندھیرے میں رکھنا چا ہتے ہیں، پاکستان میں ہونے والے خودکشوں بم دھماکوں اور نسل کشی میں عالمی تر جیحات کار فرما ہیں ،ہمارے ادارے ا س کی روک تھام میں ناکام ہیں یا پھراس عالمی ایجنڈے کا حصہ ہے جس کا اب پوری قوم ادراک رکھتی ہے ، آنے والے انتخابات کے بعد حکومت سازی کے لئے بلوچ قوم پر ست ساتھیوں کو ترجیح دیں گے، طاقت کی استعمال سے خرابیاں ودوریاں پیدا ہوتی ہیں۔

وہ منگل کو یہاں جے یو آئی(ف) جھا لاوان کے وفد سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں جو کچھ ہورہا ہے اسکا حل گورنر راج یاشہر کو فوج کے حوالہ کرنا نہیں ہے، یہ سب کچھ اصل مسئلہ اور حقائق سے روگردانی کے مترادف ہے اگر علمدار واقعہ گورنر راج کا سبب بنا ،اور کرانی روڈ کے واقعہ کے بعد کوئٹہ فوج کے حوالے ہوتا ہے توتیسری مرتبہ کیا کوئٹہ کونیٹو کے حوالے کیا جائیگا، ملک کے اندر کسی قسم کا فرقہ واریت نہیں بلکہ عوام میں ایک دوسرے کے لئے احترام کا جذبہ موجود ہے لیکن حکمران اپنے ناکامیوں کو چھپانے کے لئے اس قسم کی باتیں کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

مولانا شیرانی نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ قوم کو اصل صورت حال سے باخبر کیا جائے اور ان سے اس طرح کے معاملات میں تعاون لیا جائے ،کسی بھی قوم اور طبقہ سے ہونے والے ناانصافیوں کا خاتمہ کرنے کے بغیر ہم اندرونی بیرونی خطرات سے نہیں نمٹ سکتے ،طاقت کی استعمال سے خرابیاں ودوریاں پیدا ہوتی ہیں ،جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے تمام مسائل کے سیاسی حل پر یقین رکھتی ہے، ہمارے بلوچ قوم پرست جماعتوں کے ساتھ ہمیشہ سے مستحکم برادرانہ تعلقات رہے ہیں جسے مستقبل میں جا ری رکھیں گے ،ایک بڑی کو شش یہ ہوئی کہ جے یو آئی اور قوم پرست جماعتوں کے درمیان دوریاں اور غلط فہمی پیدا کی جائے لیکن جے یو آئی کی قیادت نے اپنی فراست سے اس طرح کی سازش کو ناکا م بنا دیا۔

مولانا شیرانی نے کہا کہ آنے والے انتخابات کے بعد حکومت سازی میں بلوچ قوم پر ست ساتھیوں کو ترجیح دیں گے۔

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں