آغاز حقوق بلوچستان سے عوام کی محرومیوں کا مداوا نہیں ہو سکتا ،لیاقت بلوچ

اتوار 3 جنوری 2010 15:11

خضدار (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔03جنوری۔ 2010ء) جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل و سابق ایم این اے لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ آغاز حقوق بلوچستان بلوچ عوام کی محرومیوں کا مداوا نہیں ہو سکتا ہے بلوچ عوام کو حقیقی معنوں میں حقوق دئیے جائیں سینکڑوں کی تعداد میں بلوچ نوجوان لاپتہ ہیں اور گمشدگی کا سلسلہ تاحال جاری ہے جب تک صحیح معنوں میں بلوچ عوام کی محرومیوں کا ازالہ نہیں ہوتا اس وقت تک جماعت اسلامی کسی پیکیج کو تسلیم نہیں کریگی اب بھی وقت ہے کہ حکمران ناراض بلوچوں سے مذاکرات کرکے ان کے غصے کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کریں حکومت اقتدا ر کی خاطر عدلیہ کے ساتھ ٹکراؤ سے باز آجائے اور این آر او میں ملوث تمام حکومتی وزراء کو مستعفی ہو نا چاہیے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جماعت اسلامی خضدار کے امیر مولانا محمد اسلم گزگی کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا وفد میں جماعت اسلامی خضدار کے نائب امیر مولانا عبدالباسط گزگی بھی شامل تھے جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا کہ ناعاقبت اندیش حکمرانوں کی وجہ سے ملک انار کی لپیٹ میں ہے ہر طرف کشت وخون کی ہولی کھیلی جارہی ہے حکمرانوں کی امریکی دوستی نے ملک میں افرا تفری کو فروغ دے رکھا ہے موجودہ حکومت پرویز مشرف کی پالیسیوں کو آگے بڑھارہی ہے انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچ عوام کو پیکیج کی بجائے حقوق دے اور ان کی زمین اور وسائل پر ان کی حق حاکمیت کو تسلیم کرکے ناراض بلوچ رہنماؤں کو منانے کی کوشش کریں۔

متعلقہ عنوان :

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں