حب‘ سردار اختر مینگل نظر بند ‘ دیگر علاقوں سے مزید128سیاسی کارکنوں کو گرفتار

منگل 28 نومبر 2006 16:12

کوئٹہ +حب+گوادر+خضدار+قلات (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین28نومبر2006 ) حب انتظامیہ نے بلوچستان کے سابق وزیر اعلیٰ اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سردار اختر مینگل کو نظر بند کردیا جبکہ حب،گوادر،خضدار،تربت، قلات اور بلوچستان کے دیگر علاقوں سے مزید128سیاسی کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق 30نومبر کو لشکر بلوچستان کے نام سے بی این پی کے زیر اہتمام گوادر سے کوئٹہ تک لانگ مارچ کے حوالے سے حب میں پیر اور منگل کی درمیانی رات کو ایک حکم نامے کے تحت حب شہر کے قریب ساکران میں ان کی رہائش گاہ میں نظر بند کردیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق یہ فیصلہ نقص امن کے پیش نظر کیا گیا ہے۔سردار اختر مینگل نے گزشتہ روز حب میں ایک احتجاجی ریلی کی قیادت کی تھی اور موجودہ حکومت کی پالیسیوں پر سخت تنقید کی تھی۔

(جاری ہے)

جبکہ لانگ مارچ کے حوالے سے گرفتاریاں جاری ہیں اس سلسلے میں گوادر، حب، خضدار، تربت، خاران نوشکی ، قلات ،چاغی اور دیگرعلاقوں سے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے چھاپے مار کر مزید128 سیاسی رہنماؤں و کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔

بی این پی کے سیکرٹری جنرل حبیب جالب ایڈووکیٹ نے بتایا کہ سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریوں کے باوجود لشکر بلوچستان لانگ مارچ ضرور ہوگا۔ واضح رہے کہ بی این پی مینگل نے نواب اکبر بگٹی کی ہلاکت ، گوادر میگا پروجیکٹ اور صوبے میں لوگوں کی مبینہ طور پر غیر قانونی گرفتاریوں کے خلاف تیس نومبر سے گوادر سے کوئٹہ تک لشکر بلوچستان کے نام سے لانگ مارچ کا اعلان کیا ہے۔ اورپولیس نے اس حوالے سے اب تک بلوچستان کے مختلف علاقوں سے بی این پی کے سینکڑوں کارکنوں کو گرفتار کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں