جنرل پرویز مشرف کو باجوڑ میں معصوم بچوں کے قتل کا حساب دینا پڑے گا۔ عبدالغفور حیدری

جمعرات 2 نومبر 2006 15:03

خضدار (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین02انومبر2006 ) جمعیت علماء اسلام کے سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ سانحہ باجوڑ حکمرانوں کے منطقی انجام تک پہنچنے کے لئے کافی ہے جنرل مشرف اور اس کے حواریوں کو معصوم بچوں کے قتل کا حساب دینا پڑے گا۔

(جاری ہے)

لندن سے ٹیلی فون پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جس کے حکمران اپنے ہی شہریوں پر بمباری کرتے ہیں عسکری حکمران امریکہ کی خوشنودی کیلئے الله کی ناراضگی اور مسلمانوں کے غیض و غضب کو دعوت دے رہے ہیں انہوں نے کہا کہ سانحہ باجوڑ سفاکی اور درندگی کی بدترین مثال ہے مولانا حیدری نے کہا کہ ہماری سلامتی اور آزادی اور قومی وقار کو نااہل حکمرانوں نے داؤ پر لگا دیا ہے اس قسم کی شرمناک کارروائیوں کے بعد حکمرانوں کو اقتدار میں رہنے کا مزید کوئی حق حاصل نہیں ہے مولانا حیدری نے کہا کہ جنرل مشرف نے معصوم بچوں کے قتل کے اس واقعہ کے بعد فرعون کو بھی شرما دیا ہے لیکن فرعون بننے والے حکمران فرعون کے انجام کو شاید بھول گئے ہیں انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کے بعد اب کوئی گنجائش نہیں ہے حکمران ہم سے کسی اچھائی کی توقع نہ رکھیں اب تمام دینی جماعتیں اور اپوزیشن کی دوسری جماعتوں سے مل کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔

متعلقہ عنوان :

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں