ڈپٹی کمشنر سائرہ عمر اور ڈی پی او ذوالفقار احمد کے زیر صدارت عید میلاد النبی ؐکے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ڈسٹرکٹ امن کمیٹی کا اجلاس

عید میلاد النبی ﷺ کو شایان شان طریقے سے منایا جائیگا ‘جلوسوں کے راستوں پر صفائی ستھرائی اور لائٹس کے بہترین انتظامات اور فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائیگی ‘ڈپٹی کمشنر سائرہ عمر اور ڈی پی او ذوالفقار احمد کا اجلاس سے خطاب

بدھ 29 نومبر 2017 18:29

ْقصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 نومبر2017ء) ڈپٹی کمشنر قصور سائرہ عمر اور ڈی پی او ذوالفقار احمدکے زیر صدارت عید میلاد النبی ؐکے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ڈسٹرکٹ امن کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز ضلع کونسل ہال میں منعقد ہوا۔ جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیومنصور علی خاں ‘ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالسلام عارف ‘اسسٹنٹ کمشنر زقصور امتیاز احمد کھچی ‘چونیاں احمد رضابٹ ‘پتوکی ‘انعم اختر‘کوٹ رادھاکشن سیف اللہ ساجد ‘ضلعی چیئر مین بیت المال کمیٹی ناصر محمود خاں ‘وائس چیئر مین مارکیٹ کمیٹی جمیل احمد خاں ‘ڈی ایس پی ٹریفک ‘تمام میونسپل کمیٹیز کے چیف آفیسر ز ‘امن کمیٹی اور میلاد کمیٹی کے ممبران ‘انجمن تاجران کے عہدیداروں اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر قصور سائرہ عمر نے کہا کہ ربیع الا اول کا مہینہ وہ مقدس مہینہ ہے جس میں ہمارے پیارے نبی حضرت محمد ﷺ دنیا میں تشریف لائے ۔ آپ ﷺ تمام جہانوں کیلئے رحمت العالمین ہیں اور آپ ﷺ کا پیغام پوری دنیا کیلئے مشعل راہ ہے ۔ اس لئے ہم سب کا یہ فرض بنتا ہے کہ ہم آپ ﷺ کی ولادت باسعادت کے مقدس دن کو نہایت جوش و خروش اور جذبے کیساتھ منائیں ۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اس مقدس دن کی مناسبت سے ضلع بھر میں پور تقریبات منعقد کی جائینگی اورمحافل اور جلوسوں کے راستوں پر صفائی ستھرائی اور لائٹس کا بہترین انتظام کیا جائیگا ۔ اس موقع پر ڈی پی او ذوالفقار احمد نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ کے حوالے سے ضلع بھر میں منعقدہ تمام محافل اور جلوسوں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائیگی ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظرہمیں اپنی صفوں میں مکمل اتحاد ، اتفاق اور باہمی یگانگہت کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر امن و امان کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے اور ضلعی امن کمیٹی ‘ ممبران میلاد کمیٹی اور معززین شہر کے تعاون سے انشاء اللہ سابق روایات کے مطابق اس بار بھی عید میلاد النبی ﷺ بھرپور جوش و خروش اور جذبے سے منایا جائیگا۔اس موقع پر ممبران امن کمیٹی ‘میلاد کمیٹی ‘انجمن تاجران کے عہدیداروں اور دیگرشعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے ضلعی انتظامیہ کو عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر اپنی جانب سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں