’’خادم اعلیٰ صاف دیہات پروگرام‘‘ کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد

بدھ 29 نومبر 2017 11:28

قصور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 نومبر2017ء) چیئرمین ضلع کونسل رانا سکندر حیات خاں کی زیرصدارت ’’خادم اعلیٰ صاف دیہات پروگرام‘‘ کے حوالے سے اجلاس ضلع کونسل ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر قصور سائرہ عمر‘ وائس چیئر مینز ضلع کونسل ملک اعجاز احمد خاں‘ سردار عزیر احمد ‘ممبران ضلع کونسل ‘سیکرٹریز یونین کونسلزاور متعلقہ محکموں کے افسران نے شر کت کی۔

اجلاس کو سینئر وائس چیئر مین ضلع کونسل ملک اعجاز احمد خاں نے خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام کے سلسلہ میں اب تک ضلعی حکومت کی طرف سے کئے گئے اقدامات بارے تفصیلاً بریفنگ دی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئر مین ضلع کونسل رانا سکندر حیات خاں نے کہا کہ دیہات کسی بھی ملک کی زرعی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں،دیہی زندگی میں صفائی کے مناسب نظام کیلئے حکومت پنجاب نے خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام کا آغاز کیا ہے اور یہ بات ہم سب کیلئے خوش آئند ہے کہ اس عظیم منصوبے کا آغاز ضلع قصور سے کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس پائلٹ پراجیکٹ کے کامیاب انعقاد کے بعد آئندہ ماہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف پورے پنجاب میں اس پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف بہت جلد ضلع قصور کا دورہ کرینگے ۔انہوں نے کہا کہ ضلع بھر کی یونین کونسلز میں صفائی ستھرائی اور کوڑا کرکٹ کو مناسب طریقے سے تلف کرنے کیلئے ایک جامع پروگرام ترتیب دیا گیا ہے جس کے آغاز پر ہر یونین کونسل کو 1 لاکھ روپے فنڈز دیئے جارہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی حکومت مستقبل میں کوڑے سے پاک ضلع کے خواب کی تعبیر کیلئے کوشاں ہے اور یہ پروگرام اس سلسلے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلدیاتی اداروں کے ذریعے اس پروگرام پر عملدرآمد کرایا جائے گا ۔ انہوںنے اعلان کیا کہ اس پروگرام کے تحت بہترین کارکردگی دکھانے والی یونین کونسل کو 50 لاکھ روپے ‘دوسرے اور تیسرے نمبر پر آنیوالی یونین کونسلز کو 30لاکھ اور 15لاکھ روپے کی خصوصی گرانٹ دی جائیگی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر قصور سائرہ عمر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ منتخب عوامی نمائندوں کیساتھ ملکر وزیر اعلی پنجاب کے خادم اعلیٰ صاف دیہات پروگرام کو ہر قیمت پر کامیاب بنائے گی اور اس عظیم مقصد کیلئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں