اراکین صوبائی اسمبلی نعیم صفدر انصاری ‘یعقوب ندیم سیٹھی اور ڈپٹی کمشنر سائرہ عمر نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کی ایمرجنسی کا افتتاح کر دیا

حکومت پنجاب عوام الناس کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے ‘افتتاح کے موقع پر گفتگو

ہفتہ 25 نومبر 2017 18:49

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 نومبر2017ء) اراکین صوبائی اسمبلی حاجی نعیم صفدر انصاری ‘یعقوب ندیم سیٹھی اور ڈپٹی کمشنر قصور سائرہ عمر نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کی ایمرجنسی کا افتتاح کر دیا ۔ تفصیل کے مطابق اراکین صوبائی اسمبلی حاجی نعیم صفدر انصاری ‘یعقوب ندیم سیٹھی اور ڈپٹی کمشنر قصور سائرہ عمر نے گزشتہ روز ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ری ویپنگ کے بعد بنائی جانیوالی جدید ترین ایمرجنسی کا افتتاح کیا ۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالسلام عارف ‘چیئر مین پبلک فسیلیٹیشن کمیٹی برائے ہیلتھ افضال حسین زین ‘ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر نذیر احمد‘ڈائریکٹر ایمرجنسی ڈاکٹر محمد فرید خاں‘آئی ڈیپ کے انجینئر اعجاز احمد اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اراکین صوبائی اسمبلی اور ڈپٹی کمشنر قصور نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام الناس کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے ۔

ضلع اور تحصیل کی سطح پر قائم تمام سرکاری ہسپتالوں میں جدید ترین طبی سہولیات باہم پہنچائی جا رہی ہیں ۔ ایمرجنسی سروسز کی بہتری ‘ادویات کی مفت فراہمی ‘مفت ایمبولینس سروس ‘ہیپا ٹائٹس کے مریضوں کی مفت تشخیص و ادویات کی فراہمی ‘جدید طبی آلات کی فراہمی ‘ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی ٹریننگ و دستیابی سمیت دیگر سہولیات حکومت پنجاب کے قابل تقلید اقدامات ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ جلد ڈی ایچ کیو ہسپتال کا شمار پنجاب کے بہترین ہسپتالوں میں ہوگا جہاں علاج معالجے کی جدید سہولیات میسر ہونگی ۔ انہوں نے متعلقہ ایجنسی کو ہدایت کی کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں جاری ترقیاتی کاموں کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے تا کہ یہاں آنیوالے مریضوں کو مقامی سطح پر جدید ترین سہولیات میسر آسکیں ۔انہوں نے اس موقع پر ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی تمام صلاحیتیں دکھی انسانیت کیلئے وقف کریں اور یہاں آنیوالے مریضوں اور انکے لواحقین کیساتھ خوش اسلوبی سے پیش آئیں ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں