ڈینگی پر کنٹرول کے حوالے سے ضلعی حکومت کے اقدامات قابل تحسین ہیں ‘مقررین کاسیمینارسے خطاب

جمعہ 3 نومبر 2017 17:22

قصور۔3 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 نومبر2017ء) ڈینگی پر کنٹرول کے حوالے سے ضلعی حکومت کے اقدامات قابل تحسین ہیں ‘ڈینگی ٹیموں کی کاوشوں سے ضلع بھر میں ڈینگی پر مکمل کنٹرول ممکن ہوا‘ڈینگی سرویلنس اور آگاہی پروگرام کے حوالے سے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے افسران و اہلکاران کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائیگی ‘ان ڈور اور آئوٹ ڈور ٹیمیں ڈینگی پر مکمل کنٹرول تک اپنی کاوشیں جاری رکھیں ‘ڈینگی ٹیموں کی کارکردگی کو جانچنے کیلئے ایک مربوط نظام وضع کیا گیا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار سینئر وائس چیئر مین ضلع کونسل ملک اعجاز احمد خاں ‘اسسٹنٹ کمشنر قصور امتیاز احمد کھچی ‘ضلعی چیئر مین بیت المال ناصر محمود خاں ‘ڈسٹرکٹ اینٹامالوجسٹ محمد خرم ابراہیم ‘ڈی او انفارمیشن چوہدری عبدالواحد ‘سیکرٹری ریڈ کریسنٹ جمیل احمد خاں اور دیگر نے ضلع کونسل ہال میں ڈینگی کنٹرول کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر تحصیل قصور سے تعلق رکھنی والی تمام ڈینگی سرویلنس ٹیموں ‘ڈینگی سرگرمیوں میں حصہ لینے والے محکموں کے افسران و ملازمین اور عوام الناس کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ڈینگی کنٹرول کے حوالے سے حکومت پنجاب کے اقدامات قابل تقلید ہیں اور اس میں کوئی شک نہیں کہ وزیرا علیٰ پنجاب کی قیادت میں ڈینگی کنٹرول کے حوالے سے کام کرنیوالے تمام افسران و اہلکاران کی محنتوں کی بدولت پنجاب بھر میں ڈینگی جیسے موذی مرض کو پنپنے کا موقع میسر نہیں آیا ۔

آج پنجاب میں ڈینگی مچھر پر مکمل کنٹرول ہے اور دوسرے صوبے بھی اس حوالے سے حکومت پنجاب کے اقدامات کی تقلید کرنے پر مجبور ہیں ۔ ضلع قصور میں کام کرنیوالی تمام انڈور اور آئوٹ ڈور ٹیمیں قابل تحسین ہیں کہ انکی کاوشوں سے ضلع بھر میں ڈینگی پر مکمل کنٹرول ممکن ہوا۔ اسسٹنٹ کمشنر امتیاز احمد کھچی نے کہا کہ ڈینگی سرویلنس کے حوالے سے تمام ان ڈور اور آئوٹ ڈور ٹیموں کی کارکردگی کو جانچنے کیلئے ایک مربوط نظام وضع کیا گیا ہے اور ٹیموں کی جانب سے موصول ہونیوالے ڈیٹا کا مکمل ریکارڈ رکھا جاتا ہے تا کہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالی ٹیموں کی بھرپور حوصلہ افزائی ہو سکے اور لاپرواہی اور سستی کا مظاہرہ کرنیوالی ٹیموں کے خلاف ایکشن بھی لیا جاسکے ۔

بعدازاں ڈینگی سرویلنس کے حوالے سے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے مختلف محکموں کے افسران اور ان ڈور اور آئوٹ ڈور ٹیموں میں تعریفی سرٹیفکیٹس اور نقد انعامات تقسیم کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں