سپیکر و وائس چیئر مین سردار عزیر احمد کے زیر صدارت ضلع کونسل قصور کا اجلاس ‘ممبران کی جانب سے پیش کی گئی قرار دادوں پر بحث

ضلع کونسل کے فنڈز کی تقسیم اور مختلف جاری منصوبہ جات میں شفافیت اور معیار کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائیگا ‘کرپشن اور بدعنوانی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائیگا‘چیئر مین رانا سکندر حیات خاں کا ضلع کونسل کے اجلاس سے خطاب

جمعرات 2 نومبر 2017 18:20

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 نومبر2017ء) سپیکر و وائس چیئر مین ضلع کونسل سردار عزیر احمد کے زیر صدارت ضلع کونسل قصور کا اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا۔جس میں چیئر مین ضلع کونسل رانا سکندر حیات خاں ‘وائس چیئر مین ضلع کونسل ملک اعجاز احمد خاں ‘ضلعی افسران ‘ممبران ضلع کونسل اور دیگر نے شرکت کی ۔اجلاس میں مختلف ممبران ضلع کونسل کی جانب سے پیش کی گئی قرار دادوں پر بحث کی گئی ۔

ممبر ضلع کونسل طلعت محمود کی ڈینگی مچھر کے حوالے سے پیش کی گئی قرار داد پر سپیکر نے ایک کمیٹی بنانے کا حکم دیا اور فیصلہ کیا گیا کہ تحصیل پتوکی میں قائم نرسریوں کے مالکان جب دوسرے شہروں میں پودے منتقل کریں تو ٹرکوں وغیرہ میں ڈینگی سپرے ضرور کروائیں ۔ممبر ضلع کونسل چوہدری محمد فاروق کی پرائیویٹ سکولوں کی خستہ ہال عمارتوں کے بارے میں قرار داد پر سپیکر نے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجو کیشن قصور کو حکم دیا کہ وہ خود صورتحال کا جائزہ لیکر ایوان کو آئندہ اجلاس میں رپورٹ کریں ۔

(جاری ہے)

کھیلوں کے نئے میدانوں اور ڈسپنسریوں کی تعمیر کے حوالے سے عبدالرزاق جوئیہ اور دیگر ممبران کی قرار دادوں کو منظور کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو جائزہ لیکر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا گیا ۔ وائس چیئر مین ضلع کونسل ملک اعجاز احمد خاں کی جانب سے ایوان کو بتایا گیا کہ رورل سالٹ ویسٹ مینجمنٹ پروگرام کے تحت عملی اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف بہت جلد ضلع قصور کا دورہ کرینگے اور منتخب شدہ یونین کونسلز میں صفائی ستھرائی کے کام کا جائزہ لیں گے ۔

اس موقع پر دیگر ممبران ضلع کونسل نے بھی ضلع کی بہتری کیلئے اپنی اپنی تجاویز پیش کیں ۔ چیئر مین ضلع کونسل رانا سکندر حیات خاں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معزز ممبران کے تعاون سے ضلع بھر میں ترقی اور خوشحالی کے جس سفر کا انہوں نے آغاز کیا ہے اسے پنجاب بھر میں بھرپور پذیرائی حاصل ہو رہی ہے ۔ باالخصوص حکومت پنجاب کے تعاون سے ضلع قصور میں پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر شروع ہونیوالے رورل سالٹ ویسٹ مینجمنٹ پروگرام کو جلد پورے پنجاب میں شروع کیا جائیگا۔

اس لئے منتخب یونین کونسلز کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ بھرپور کوشش کر کے اس پروگرام کو کامیاب بنائیں ۔ رانا سکندر حیات خاں نے کہا کہ ضلع کونسل کے فنڈز کی تقسیم اور مختلف جاری منصوبہ جات میں شفافیت اور معیار کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائیگا ۔کرپشن اور بدعنوانی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ میں اور میری ٹیم پوری دیانتداری سے ضلع کی خدمت کر نے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ معزز ممبران ضلع کونسل کے تعاون سے بہت جلد ضلع قصور کا شمار پاکستان کے ترقی یافتہ اور خوشحال اضلاع میں ہوگااور یہاں کے عوام ہم سب پر فخر کرینگے ۔ بعدازاں سپیکر سردار عزیر احمد نے غیر معینہ مدت کیلئے اجلاس ملتوی کر دیا ۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں