ڈپٹی کمشنر کا ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال کا دورہ ‘سیکورٹی ‘پارکنگ ‘ہارٹیکلچر اور صفائی ستھرائی کا جائزہ لیا

بدھ 25 اکتوبر 2017 18:52

قصور۔25 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2017ء)ڈپٹی کمشنر قصور سائرہ عمر کا ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال کا اچانک دورہ ‘سیکورٹی ‘پارکنگ ‘ہارٹیکلچر اور صفائی ستھرائی کا جائزہ لیا ۔ تفصیل کیمطابق ڈپٹی کمشنر سائرہ عمر نے گزشتہ روز ڈی ایچ کیو ہسپتال کا اچانک دورہ کیا ۔اس موقع پر انہوں نے ہسپتال کے سیکورٹی انتظامات ‘جنرل پارکنگ ‘ہارٹیکلچر ‘صفائی ستھرائی اور ہسپتال میں جاری دیگر ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا ۔

اس موقع پر انہوں نے ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال کو حکم دیا کہ ہسپتال میں آنیوالے مریضوں کو تمام بنیادی سہولیات بلا تاخیرفراہم کی جائیں اور سیکورٹی کا نظام مزید موثر بنایا جائے ۔ انہوں نے باالخصوص رجسٹریشن برانچ احاطہ میں موٹر سائیکل پارکنگ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کو حکم دیا کہ عوام الناس کی جان و مال کی حفاظت کیلئے موٹر سائیکل وغیرہ صرف مخصوص پارکنگ احاطہ میں پارک کئے جائیں اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی سستی نہ برتی جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ڈاکٹرز اور سٹاف کیلئے پارکنگ ایریا کو بھی جنرل پارکنگ میں شامل کرنے کا حکم دیا اور ایم ایس کو ہدایت کی کہ ڈاکٹرز اور سٹاف کی پہنچان کیلئے مخصوص سٹیکرز فراہم کئے جائیں اور انہیں اس بات کا پابند بنایا جائے کہ وہ اپنی گاڑیاں اور موٹر سائیکل وغیرہ پارکنگ کیلئے مخصوص جگہ پر کھڑی کریں ۔ ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں جاری ہارٹیکلچر کے کام کو مزید تیز کرنے اور ہسپتال کے لانز میں نئے پودے لگانے کی بھی ہدایت کی ۔ بعدازاں ڈپٹی کمشنر نے ایمرجنسی میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور ذمہ داران کو حکم دیا کہ جلد ازجلد ایمرجنسی وارڈ کو مکمل کیا جائے ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں