ملک بھر کی طرح ضلع قصور میں بھی عالمی یوم خوراک بھرپور طریقے سے منایا گیا ‘سیمینار اور واک کا اہتمام کیا گیا

ہم سب کو آج کے دن عہدکرنا ہوگا کہ ہر شخص تک بنیادی خوراک کی فراہمی کو یقینی بنایاجائے ‘ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ماجد علی خاںاوراسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت اعجاز علی جتالہ کا خطاب

پیر 16 اکتوبر 2017 18:45

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2017ء)ملک بھر کی طرح ضلع قصور میں بھی عالمی یوم خوراک بھرپور طریقے سے منایا گیا ‘میونسپل کمیٹی قصور ہال میں سیمینار کا انعقاد اور چوک مسجد نور تک آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز محکمہ خوراک قصور کے زیر اہتمام عالمی یوم خوراک کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ماجد علی خاں ‘اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع ) اعجاز علی جتالہ ‘ محکمہ ہیلتھ‘ سوشل ویلفیئر ‘ ایجو کیشن اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی ۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ماجد علی خاں نے عالمی خوراک کے مسئلے سے متعلق عوام میں بیداری پیدا کرنے ، بھوک ، ناقص غذا اور غربت کیخلاف جدوجہد میں اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ لوگ جنہیں بنیادی ضرورت سے زائد خوراک میسر ہے انہیں چاہیے کہ اپنی اس خوش نصیبی میں اپنے ارد گرد کے لوگوں کا بھی خیال رکھیں اور ہم سب کو آج کے دن اس بات کا اعادہ کرنا ہوگا کہ ہر شخص تک بنیادی خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملاوٹ سے پاک صاف ، صحت مند اور غذائیت سے بھرپور خوراک کی دستیابی کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی کا قیام عمل میں آچکا ہے اور ملاوٹ مافیا کی سرکوبی کیلئے فوڈ رولز اور فوڈ اتھارٹی ایکٹ میں ترامیم بھی ہو چکی ہے جس سے اب ملاوٹ کو جڑ سے اکھاڑ دیا جائیگا اور اس کیلئے ہر فرد کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت اعجاز علی جتالہ نے کہا کہ متوازن ،محفوظ اور صحت مند غذا ہر انسان کا بنیادی حق ہے اور دنیا بھر میں غذائی عدم تحفظ کے مسائل سے متعلق شعور کی بیداری وقت کا اہم ترین تقاضا ہے ۔

خوراک کے ضیاع کی روک تھام کیساتھ غذائی پیدوار میں اضافے اور خود کفالت کے اہداف کے حصول کیلئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے ۔بعدازاں عالمی یوم خوراک کے حوالے سے لوگوں میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے میونسپل کمیٹی قصور آفس سے چوک مسجد نور تک آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں