ضلعی بیت المال کمیٹی قصور کے زیر اہتمام ضلع بھر کے مستحقین میں 18لاکھ 50ہزار روپے مالی امداد کے چیک تقسیم

مستحقین میں مالی امداد کی تقسیم شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر کی جاتی ہے ‘حکومت غریب آدمی کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے ‘رکن قومی اسمبلی وسیم اختر شیخ ‘چیئر مین ضلعی بیت المال ناصر محمود خاں چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب

پیر 16 اکتوبر 2017 18:45

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2017ء) ضلعی بیت المال کمیٹی قصور کے زیر اہتمام ضلع بھر کے مستحقین میں 18لاکھ 50ہزار روپے کی مالی امداد کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب گزشتہ روز بیت المال آفس قصور میں منعقد ہوئی ۔ جس میں رکن قومی اسمبلی وسیم اختر شیخ ‘چیئر مین ضلعی بیت المال کمیٹی قصور ناصر محمود خاں ‘ممبران بیت المال کمیٹی صفیہ سعید ‘حکیم محمد عبداللہ ‘نوشین جاوید ‘یوسف گل ‘سیکرٹری ریڈ کریسنٹ و ممبر جمیل احمد خاں اور ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عباد علی جتالہ ‘اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد اکبر رضا نے شرکت کی ۔

اس موقع پر ضلعی چیئر مین بیت المال کمیٹی قصور ناصر محمود خاں نے محکمہ کی کارکردگی پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ بیت المال کو جو بھی فنڈ حکومت پنجاب کی جانب سے جاری ہوئے ہیں انکی تقسیم شفافیت اور میرٹ کو مد نظر رکھ کرکی جارہی ہے اور ضلع بھر سے موصول ہونیوالی درخواستوں کی مکمل جانچ پڑتال کر کے اصل مستحقین کی فہرستیں مرتب کی گئی ہیں اور آج کی اس تقریب میں مجموعی طور پر 136مستحقین میں 8لاکھ 10ہزار روپے مالی امداد کے چیک ‘معذور افراد کیلئے 3لاکھ 45ہزار روپے ‘جہیز فنڈ کی مد میں 5لاکھ 60ہزار روپے اور میڈیکل فنڈ کیلئے 1لاکھ 35ہزار روپے کی امداد دی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

ناصر محمود خاں نے واضح کیا کہ ضلع بھر کے غریب اور نادار مستحقین بغیر کسی سفارش کے ضلعی بیت المال آفس سے رابطہ کر سکتے ہیں تا کہ انکی مالی امداد کی جاسکے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی وسیم اختر شیخ نے کہا کہ غریب آدمی کا معیار زندگی بلند کرنے اور اسکی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے فوری امداد کے طور پر حکومت کی جانب سے خطیر رقم مختص کی گئی ہے جیسے ضلعی بیت المال کمیٹی ایک شفاف اور غیر جانبدار طریقے سے مستحقین کی مالی امداد پر خرچ کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے موجودہ حکومت کے اقدامات قابل ستائش ہیں ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں