محکمہ زکوٰة کی خود روزگار سکیم میں میرٹ ، شفافیت اورغیر جانبداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جا رہا ہے‘چوہدری محمد صادق

حکومت کی مثبت پالیسیوں کے تحت جلد ملک میں معاشی انقلاب آئے گا اور ملک سے غربت اوربیروزگاری کا مکمل خاتمہ ہو جائیگا‘تقریب سے خطاب

پیر 9 اکتوبر 2017 18:47

قصور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2017ء)حکومت عام آدمی کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے خطیر رقم خرچ کر رہی ہے‘ محکمہ زکوٰة کی خود روزگار سکیم لائق تحسین ہے ‘میرٹ ، شفافیت اورغیر جانبداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جا رہا ہے‘حکومت کی مثبت پالیسیوں کے تحت جلد ملک میں معاشی انقلاب آئے گا اور ملک سے غربت اوربیروزگاری کا مکمل خاتمہ ہو جائیگا۔

ان خیالات کا اظہار رکن قومی اسمبلی وسیم اختر شیخ اور چیئر مین ضلعی زکوٰة کمیٹی قصور چوہدری محمد صادق نے محکمہ زکوٰة کی جانب سے شروع کی گئی خود روزگار سکیم کے تحت مستحقین میں گزشتہ روز آٹو رکشہ کی چابیاں تقسیم کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ زکوٰة آفیسر اشفاق احمد خاں ،چوہدری ارسلان صادق ، شیراز شوکت بٹ ، ضلعی ممبران ملک بشیر احمد ، میاں نصراللہ ، نسرین طارق ،سردارجمال ڈوگر، چیئر مین گہلن چیک 9 طلعت منیر چوہدری اور چیئر مین یونین کونسل کاندوکھارا عبدالرزاق جوئیہ بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیئر مین ضلعی زکوٰة کمیٹی چوہدری محمد صادق نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب کے خود روزگارپروگرام کے تحت ضلع قصور سے کل 58درخواستیں موصول ہوئیں اور جانچ پڑتال کے بعد 28درخواستوں کو پنجاب زکوة کونسل لاہورمیں ہونیوالی قرعہ اندازی میں شامل کیا گیا اور اس قرعہ اندازی میں کامیاب ہونیوالے دو خوش نصیب مستحقین شکیل احمد موضع اوراڑا اور محمد ارشد موضع شیخم کے آٹو رکشے نکلے جنہیں آج چابیاں تقسیم کی گئی ہیں ۔

اس موقع پر رکن قومی اسمبلی وسیم اختر شیخ اور چیئر مین ضلعی زکوٰة کمیٹی چوہدری محمد صادق نے رکشے حاصل کرنیوالوں کومبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ خوش نصیب اب محنت اور دیانتداری سے اپنے گھرانوں کیلئے رزق حلال کمائیں گے ۔انہوں ے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے خود روزگار پروگرام کے تحت پنجاب بھر میں محکمہ زکوٰة و عشر پنجاب نے تمام اضلاع میں مفت آٹو رکشہ کی فراہمی کا پروگرام شروع کر رکھا ہے اور آئندہ بھی ضلع قصورکو مستحقین میں آٹو رکشائوں کی فراہمی بذریعہ قرعہ اندازی کا سلسلہ جاری رہے گا تا کہ بے روزگاری کا خاتمہ ممکن ہو سکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سکیم کے تحت غریب خاندانوں کو اپنے پائوں پر کھڑا کیا گیا ہے ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں