ڈپٹی کمشنر قصور کا مختلف سکولوں کا دورہ

بدھ 4 اکتوبر 2017 10:20

قصور۔4 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اکتوبر2017ء)ڈپٹی کمشنر قصور سائرہ عمر نے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر سمیرا عنبرین کے ہمراہ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول بیدیاں ‘گورنمنٹ بوائز ہائی سکول بیدیاں ‘گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری سکول رائے کلاں ‘گورنمنٹ بوائز ایلیمنٹری سکول رائے کلاں اور گورنمنٹ پرائمری سکول کلیاں مصطفی آباد کا اچانک دورہ کیا ۔

اپنے دورہ کے دوران ڈپٹی کمشنرقصور سائرہ عمر نے تمام سکولوں میں صفائی اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا ۔متعدد سکولوں میں صفائی اور سکیورٹی کے ناقص انتظامات پر برہمی کا اظہار کیا اور متعلقہ افسران کو حکم دیا کہ فوری طور پر سکولوں میں پینے کیلئے صاف پانی ‘صفائی اورسکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے جائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائیگا ۔

ڈپٹی کمشنر نے سکولوں کے نان سیلری بجٹ اور فروغ تعلیم فنڈ کے ریکارڈ کو بھی چیک کیا ۔انہوں نے سرکاری سکولوں میں بچوں کو دی جانے والی تعلیم کے معیار کا بھی جائزہ لیا اور اساتذہ کو ہدایت کی کہ بچے ہماری خصوصی شفقت اور ہمدردی کے طلبگار ہوتے ہیں اور آپ کا یہ فرض بنتا ہے کہ آپ بچوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب تعلیمی شعبے کی ترقی کیلئے انقلابی اقدامات کر رہی ہے اور اس مقصد کیلئے اربوں روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں