ڈپٹی کمشنر قصور کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا اچانک دورہ ،حاضری کے ساتھ مریضوں کو دی جانیوالی طبی سہولیات کا جائزہ لیا

سائرہ عمر کا زنانہ اور مردانہ وارڈز کے بیڈز کی ٹیکنگ کرنے ‘صبح ‘ دوپہر اور شام کی ڈسپنسری کو ایک جگہ منتقل کرنیکا حکم

پیر 18 ستمبر 2017 18:19

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2017ء) ڈپٹی کمشنر قصور سائر ہ عمر کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا صبح 9بجے اچانک دورہ ‘ڈاکٹرز ‘پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری ‘صفائی ستھرائی اور مریضوں کو دی جانیوالی طبی سہولیات کا جائزہ لیا ۔تفصیل کے مطابق ڈپٹی کمشنر قصور سائر ہ عمر نے گزشتہ روز صبح 9بجے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اور اپنے دورہ کے دوران انہوں نے ڈاکٹرز ، پیرا میڈیکل سٹاف اور کلریکل سٹاف کی حاضری کو چیک کیا ۔

انہوں نے خاص طور پر ہسپتال میں صفائی ستھرائی اور مریضوں کودی جانیوالی تمام طبی سہولیات کا تفصیلا ًجائزہ لیا ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر قصور سائرہ عمر نے ہسپتال میں آنیوالے مریضوں اور انکے لواحقین سے طبی سہولیات بارے دریافت بھی کیا ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے ایمرجنسی ‘سرجیکل اور میڈیکل وارڈز کا دورہ کیا اور صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے زنانہ اور مردانہ وارڈز کے بیڈز کی ٹیکنگ کرنے ‘صبح ، دوپہر اور شام کی ڈسپنسری کو ایک جگہ منتقل کرنے کا حکم دیا ۔

انہوں نے محکمہ بلڈنگ کے افسران کو حکم دیا کہ سینٹری کے ٹوٹے ہوئے پائیپوں کو فوری طور پر مرمت یا تبدیل کر کے ایمرجنسی کے واش رومز کو فنکشنل کیا جائے ۔ انہوں نے ایمرجنسی انچارج کو حکم دیا کہ ڈیوٹی روسٹر کو جدید تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ بنا کر ڈاکٹرز اور سٹاف کی حاضری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور اس میں کسی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کیلئے خطیر رقم خرچ کر رہی ہے اور آپ سب کا بھی یہ فرض بنتا ہے کہ ہسپتال میں آنے والی دکھی انسانیت کی زیادہ سے زیادہ خدمت کریں ۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں