گورنمنٹ ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ نور پور ڈوگراں میں جدید فنی تربیت حاصل کرنیوالے 500طلباء میں مفت یونیفارمز تقسیم

پنجاب حکومت نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے ‘چیئر مین ضلعی زکوٰة کمیٹی چوہدری محمد صادق

جمعہ 15 ستمبر 2017 16:58

قصور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2017ء) گورنمنٹ ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ نور پور ڈوگراں قصور میں جدید فنی تربیت حاصل کرنیوالے 500طلباء میں مفت یونیفارمز تقسیم کی گئیں ۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں بطور مہمان خصوصی چیئر مین ضلعی زکوٰة کمیٹی قصور چوہدری محمد صادق نے شرکت کی جبکہ اس موقع پر ڈسٹرکٹ زکوٰة آفیسر اشفاق احمد خاں ‘ پرنسپل چوہدری سرشار احمد ‘ چوہدری ارسلان صادق ‘اساتذہ اور طلباء کی کثیر تعداد موجود تھی ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئر مین ضلعی زکوٰة کمیٹی چوہدری محمد صادق نے کہا کہ پنجاب حکومت نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے تا کہ بے روزگاری کا خاتمہ کیا جا سکے ۔

(جاری ہے)

حکومت مختلف منصوبوں کے تحت طلباء و طالبات کو نا صرف فنی تربیت فراہم کر رہی ہے بلکہ انہیں خود روز گار کیلئے قرضے اور مالی امداد بھی فراہم کی جا رہی ہے جس سے نہ صرف مختلف شعبوں کیلئے درکار تربیت یافتہ افرادی قوت میسر آئے گی بلکہ مقامی سطح پر روزگار بھی مہیا ہو گا۔

چوہدری محمد صادق نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف کی خصوصی دلچسپی کی وجہ سے ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹس میں طلباء و طالبات کو جدید فنی تربیت فراہم کی جارہی ہے جس میں کمپیوٹر ایپلی کیشن اینڈ آفس پروفیشنل‘ کلینکل اسسٹنٹ کورس‘ ویٹرنری اسسٹنٹ ‘ ایگری فیلڈ اسسٹنٹ ‘ پلمبر ‘ ریفریجریشن اینڈ ایئر کنڈیشنگ ‘ بیوٹیشن ‘ الیکٹریکل ‘ ڈریس میکنگ ، فوڈ کوکنگ اینڈ کچن آرگنائزیشن اور آٹو کیڈ آپریٹر سمیت بہت سارے ٹیکنیکل کورسز شامل ہیں ۔

ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ میں پڑھنے والے طلباء و طالبات کو مفت کتابیں ‘ ٹریننگ میٹریل اور 500روپے محکمہ زکوٰة کی طرف سے ماہانہ وظیفہ جبکہ 500روپے وزیر اعلی پروگرام کے تحت اس طرح فی طالبعلم کو کل 1000روپے وظیفہ دیا جاتا ہے ۔پنجاب حکومت ہنر سیکھانے والے اداروں کو ساز گار ماحول فراہم کر رہی ہے تا کہ وہ غریب اور مستحق نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر معاشرے کا مفید اور موثر رکن بنا سکیں۔بعدازاں چیئر مین ضلعی زکوٰة کمیٹی قصور چوہدری محمد صادق نے طلباء میں یونیفارمز تقسیم کیں ۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں