عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی میری اولین ترجیح ہے ‘ضلعی انتظامیہ تمام وسائل بروئے کار لائے گی ‘ڈپٹی کمشنر سائرہ عمر

ڈاکٹر ز اور پیرا میڈیکل سٹاف اپنی ڈیوٹی کو ایمانداری اورفرض شناسی سے سرانجام دیں کسی قسم کی سستی کو برداشت نہیں کیا جائیگا‘ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور معیار کو یقینی بنایا جائیگا‘ہسپتالوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب

جمعرات 7 ستمبر 2017 17:50

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2017ء) ڈپٹی کمشنر قصور سائرہ عمر نے کہا ہے کہ عوام الناس کو طبی سہولیات کی فراہمی میری اولین ترجیح ہے ‘ضلع کے تمام ہسپتالوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائینگے ‘ڈاکٹر ز اور پیرا میڈیکل سٹاف اپنی ڈیوٹی کو ایمانداری اورفرض شناسی سے سرانجام دیں کسی قسم کی سستی کو برداشت نہیں کیا جائیگا‘ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور معیار کو یقینی بنایا جائیگا ۔

یہ بات انہوں نے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر کمیٹی روم میں ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں جاری ترقیاتی کاموں اور کارکردگی کا جائزہ لینے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو ہسپتالوں کے ایم ایس صاحبان نے ری ویمپنگ ‘ترقیاتی کاموں ‘بجٹ ‘ادویات کے سٹاک وغیرہ کے حوالے سے تفصیلاً بریفنگ دی ۔

ڈپٹی کمشنر سائرہ عمر نے اس موقع پر کہا کہ صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کیلئے حکومت بے پناہ وسائل خرچ کر رہی ہے ۔محکمہ صحت کے افسران اور ہسپتالوں کی انتظامیہ کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ دکھی انسانوں کی خدمت کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لائیں اور عوام الناس کو زیادہ سے زیادہ طبی سہولیات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنائیں ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ضلع بھر کے تمام ہسپتالوں کو مثالی بنانے کے کام کا آغاز ہو چکا ہے تا کہ عوام الناس کو صحت کی بنیادی سہولیات انکی دہلیز پر میسر آسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ تمام ہسپتالوں میں ڈاکٹرز‘پیر امیڈیکل سٹاف کی حاضری ‘صفائی ستھرائی ‘ادویات اور دیگر جدید طبی سہولیات کی مفت فراہمی میری اولین ترجیح ہے اور اس کیلئے ضلعی انتظامیہ تمام وسائل بروئے کار لائے گی ۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں