ڈپٹی کمشنرقصور کے زیر صدارت فیروز پور روڈ پر ناجائز تجاویزات اورغیر قانونی بس سٹاپس کے خاتمے کے حوالے سے اجلاس

ناجائز بس سٹاپس کو فوری طور پر ختم کیا جائے ‘خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے ‘سائرہ عمر

بدھ 6 ستمبر 2017 18:25

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 ستمبر2017ء)ڈپٹی کمشنر قصور سائرہ عمر کے زیر صدارت فیروز پور روڈ پر ناجائز تجاویزات اورغیر قانونی بس سٹاپس کے خاتمے کے حوالے سے اجلاس گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالسلام عارف ‘اسسٹنٹ کمشنر قصور امتیاز احمد کھچی ‘سیکرٹری ڈی آر ٹی اے حناء رحمان ‘چیف آفیسرز ضلع کونسل‘میونسپل کمیٹیز قصور ‘مصطفی آباد ‘ڈی ایس پی ٹریفک ‘ایس ڈی او ہائی وے سمیت دیگر افسران نے شرکت کی ۔

ڈپٹی کمشنر کو اس موقع پر فیروز پور روڈ پر ناجائز تجاویزات کے خاتمے ‘غیر قانونی بس اڈوں اور ویگن سٹاپس کے حوالے سے تفصیلاً بریفنگ دی گئی ۔ جس پر انہوں نے متعلقہ افسران کو حکم دیا کہ وہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں فیروز پور روڈ سے ناجائز تجاویزات کو فوری طور پر ختم کریں اور اس سلسلے میں کسی قسم کی مصلحت یا دبائو کا شکار نہ ہوں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ عوام الناس کی بہتری کیلئے کئے جانیوالے اس کام میں کسی قسم کی غفلت یا سستی کو ہرگز برداشت نہ کیا جائیگا۔ انہوں نے ڈی ایس پی ٹریفک اور سیکرٹری ڈی آر ٹی اے کو حکم دیا کہ وہ فیروز پور روڈ پر قائم ناجائز بس سٹاپس کو فوری طور پر ختم کروائیں اور خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی بس سٹینڈز یا بس سٹاپس بنانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائیگی ۔

ایکسئین ہائی وے کو ہدایت کی کہ وہ سڑک کی مرمت کے کام کو جلد از جلد مکمل کروائیں ۔ پی ایچ اے حکام کو ہدایت کی کہ وہ گرین بیلٹ پر گھاس اور پودے لگائیں ۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ عوام الناس میں ٹریفک قوانین کی آگاہی کیلئے قصور سے مصطفی آباد تک بینرز آویزاں کئے جائیں ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں