ڈپٹی کمشنر عمارہ خان اور ایم ڈی لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی بلال مصطفی سید کے زیر صدارت عید الاضحی کے موقع پر جانوروں کی آلائشوں اور فضلہ کو ٹھکانے لگانے کے حوالے سے اجلاس

جانوروں کی آلائشوں اور فضلہ کو بروقت ٹھکانے لگانے کیلئے میونسپل کمیٹیز اپنے تمام وسائل بروئے کار لائیں ‘عمارہ خان

بدھ 30 اگست 2017 20:48

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اگست2017ء) ڈپٹی کمشنر قصورعمارہ خان اور مینجنگ ڈائریکٹر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی بلال مصطفی سید کے زیر صدارت عید الاضحی کے موقع پر جانوروں کی آلائشوں اور فضلہ کو ٹھکانے لگانے کے حوالے سے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے گزشتہ روز اجلاس ڈپٹی کمشنر کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ جس میںایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سید موسیٰ رضا ‘ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالسلام عارف ‘ ضلع بھر کی تمام میونسپل کمیٹیز کے چیئر مینز ‘چیف آفیسرز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عمارہ خان نے کہا حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں عید الاضحی پر قربانی کے جانوروں کی آلائشوں اور فضلہ کو بروقت ٹھکانے لگانے کیلئے تمام میونسپل کمیٹیز اپنے تمام وسائل بروئے کار لائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کیلئے قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اور فضلہ جات اٹھانے کیلئے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمیٹی کی جانب سے دیئے گئے شاپنگ بیگز شہریوں میں تقسیم کئے جائیں اور انہیں اس بات کا پابند بنایا جائے کہ وہ جانوروں کی آلائشیں وغیرہ گلی محلوں میں پھنکنے کی بجائے میونسپل کمیٹی کے عملے کے حوالے کریں تا کہ وہ اسے مروجہ طریقہ کار سے تلف کر سکیں ۔

ڈپٹی کمشنر عمارہ خان نے ہدایت کی کہ عید الاضحی پر عید گاہوں اور مساجد کے راستوں کے علاوہ قبرستانوں ، جانوروں کے سیل پوائنٹس اور ذبحہ خانوں میں صفائی ستھرائی کیلئے خصوصی انتظامات کئے جائیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام الناس کی سہولت کیلئے ڈپٹی کمشنر آفس میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جو عید الاضحی کے ایام میںشکایات کے فوری حل کیلئے اقدامات کریگا۔ اس موقع پر ایم ڈی لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی بلال مصطفی سید کی جانب سے عیدالاضحی کے موقع پر جانوروں کی آلائشیں اٹھانے کیلئے بیگز تمام میونسپل کمیٹیز کے چیئر مینوں میں تقسیم کئے گئے ۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں