ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن قصور کے زیر اہتمام عوام الناس میں ووٹ کی اہمیت اجاگر کرنے کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد

ووٹ کی اہمیت بارے عوام الناس کو آگاہی دینا وقت کی اہمیت ضرورت ہے ‘ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر خالد رشید

بدھ 23 اگست 2017 16:01

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2017ء) ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن آفس قصور کے زیر اہتمام عوام الناس میں ووٹ کی اہمیت اجاگر کرنے کے حوالے سے ایک سیمینار کا انعقاد گزشتہ روز ڈسٹرکٹ الیکشن آفس میں کیا گیا ۔ جس میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر قصور خالد رشید ‘سوشل ویلفیئر آفیسر محمد اکبر رضا ‘ممبران ڈسٹرکٹ ووٹر ایجو کیشن کمیٹی صفیہ سعید ‘قیصر ایوب شیخ ‘این جی اوز کے عہدیداروں اور معززین شہر نے شرکت کی ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مقررین نے ووٹ کی اہمیت اور عوام الناس میں اس کی آگاہی کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور مختلف تجاویز دیں ۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر قصور خالد رشید نے کہا کہ ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ووٹ ایک قومی فریضہ ہے جسے ادا کرنا ہر مرد اور عورت پر لازمی ہے ۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن آف پاکستان ہمیشہ سے اس اصول پر کار بند رہا ہے کہ عوام میں ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے تا کہ عام انتخابات میں عوام کی کثیر تعداد اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکے ۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں عام انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں ضلع قصور میں 1500مجوزہ پولنگ اسٹیشنوں کو گوگل میپ سے منسلک کر دیا گیا ہے جس کے تحت عام انتخابات 2018ء کے دوران ووٹرز گھر بیٹھے اپنے پولنگ اسٹیشن کا محل و قوع اور دیگر معلومات حاصل کر سکیں گے ۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایت پر ضلعی ایجو کیشن کمیٹیاں متحرک ہیں جو ماہانہ کی بنیاد پر باقاعدہ میٹنگز کا انعقاد کر کے رپورٹ الیکشن کمیشن کو ارسال کرتی ہیں اور ضلع قصور میں ابتک11میٹنگز ہو چکی ہیں ۔

انہوں نے مزید بتایا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ایک مرتبہ پھر خواتین میں شناختی کارڈ کے حصول اور بطور ووٹر اندراج کے شعور کو اجاگر کرنے کیلئے سیاسی پارٹیوں اور نادرا سے بات کرنے کا فیصلہ کیا ہے اورایک اندازے کیمطابق 12.17ملین خواتین ایسی ہیں جنہوں نے مختلف وجوہات کی بنا پر شناختی کارڈ حاصل نہیں کئے ۔ ضلع قصور میں 2018کے الیکشن کیلئے الیکشن کمیشن میں مانیٹرنگ ونگ کی تشکیل ہو چکی ہے اور آئندہ الیکشن میں مانیٹرنگ ونگ کا کردار کلیدی ہوگا۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں