ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کے زیر صدارت عرس حضرت بابا بلھے شاہ ؒکے سلسلہ میں انتظامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس

اجلاس میں عرس بابا بلھے شاہؒ ؒکے متعلق سیکورٹی و دیگر انتظامات کا تفصیلاً جائزہ لیا گیا ‘عرس مبارک24اگست سے شروع ہو گا‘عرس مبارک کے موقع پر تمام افسران و اہلکاران اپنی ڈیوٹی کو مذہبی فریضہ سمجھ کر ادا کریں ‘سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائینگے ‘ڈپٹی کمشنر عمارہ خان ‘ڈی پی او اسماعیل کھاڑک

بدھ 2 اگست 2017 19:01

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2017ء)ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان اور ڈی پی او اسماعیل کھاڑک کے زیر صدارت تین روزہ عرس حضرت بابا بلھے شاہؒ ؒکے سلسلہ میں انتظامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے گزشتہ روز اجلاس ڈپٹی کمشنر کمیٹی روم میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سید موسیٰ رضا ‘ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالسلام عارف ‘ سرپرست امور مذہبی کمیٹی حاجی صفدر انصاری ‘اسسٹنٹ کمشنر قصور امتیاز احمد کھچی ، ڈسٹرکٹ منیجر اوقاف گلزار احمد خان‘چیئر مین امور مذہبی کمیٹی دربار بابا بلھے شاہ حاجی عبدالطیف قادری ‘ایکسئین لیسکو سٹی جمشید زمان ‘سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عبدالمجید ‘ چیئر مین پبلک فسیلیٹیشن کمیٹی برائے ہیلتھ افضال حسین زین ‘ڈی او سول ڈیفنس‘چیف آفیسر بلدیہ قصور ‘ریسکیو 1122، ممبران امور مذہبی کمیٹی درباربابا بلھے شاہ ؒاور دیگر نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں عرس حضرت بابا بلھے شاہؒ ؒکے متعلق سیکورٹی و دیگر انتظامات کا تفصیلاً جائزہ لیا گیا ۔ اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ تین روزہ عرس حضرت بابا بلھے شاہ 24تا 26اگست 2017قصور میں منعقد ہو رہا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر عمارہ خان نے اس موقع پر واپڈا ‘بلدیہ ‘ہیلتھ ، اوقاف اور دیگر متعلقہ محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ عرس مبارک کے موقع پر اپنی اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام دیں ۔

انہوں نے واضح کیا کہ عرس مبارک کے موقع پر تمام افسران و اہلکاران اپنی ڈیوٹی کو ایک مذہبی فریضہ سمجھ کر ادا کرینگے۔ ڈی پی او قصور نے بتایا کہ حضرت بابا بلھے شاہ ؒکے عرس مبارک کے موقع پر فول پروف سیکورٹی ہو گی اور آنیوالے زائرین کیلئے بہترین پارکنگ کا بندوبست کیا جائیگانیز ٹریفک کی روانی کو بھی ہر قیمت پر یقینی بنایا جائیگا۔ڈی پی او نے متعلقہ ڈی ایس پی صاحبان کو کمیٹی مذہبی امور دربارحضرت بابا بلھے شاہ کے ساتھ ملکر سیکورٹی پلان بنانے کی ہدایت کی تا کہ زائرین کو زیادہ سے زیادہ سیکورٹی و دیگر سہولیات دی جاسکیں ۔

اجلاس کے دوران عرس مبارک کی مناسبت سے منعقدہ پروگراموں کے حتمی شیڈول کی منظوری دی گئی ۔ جس کے مطابق عرس مبارک کا باقاعدہ افتتاح و چادر پوشی 24اگست شام 5بجے ‘مقابلہ حسن قرات بعدنماز ظہر منعقد ہو گا اسی طرح 25اگست کو طلباء کے درمیان تقریری مقابلہ اور محفل سماع منعقد ہوگی اور عر س کی اختتامی تقریبات 26اگست کو بعد نماز عشاء محفل سماع و اختتام رنگ و دعا منعقد ہوگی۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں