ڈینگی تدارک سرگرمیوں میں کسی قسم کی سستی کو برداشت نہیں کیا جائیگا ‘تمام افسران نیک نیتی کیساتھ اس کام کو سرانجام دیں ‘ڈپٹی کمشنر

ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹیز کی جانب سے ڈینگی سرگرمیوں میں عدم دلچسپی پر برہمی کا اظہار ‘تمام اسسٹنٹ کمشنرز ڈینگی سرویلنس کی خود نگرانی کریں ‘غفلت کا مظاہرہ کرنیوالے افسران و اہلکاران کیخلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائیگی ‘عمارہ خان کا ڈینگی تدارک جائزہ اجلاس سے خطاب

ہفتہ 29 جولائی 2017 18:51

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2017ء) ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان نے کہا ہے کہ ضلع میں ڈینگی تدارک سرگرمیوں میں کسی قسم کی سستی کو برداشت نہیں کیا جائیگا ،تمام افسران نیک نیتی کیساتھ اس قومی فریضے کو سرانجام دیں، ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹیز کی جانب سے ڈینگی سرگرمیوں میں عدم دلچسپی پر برہمی کا اظہار ‘عوام الناس میں ڈینگی سے بچائو کی احتیاطی تدابیر بارے آگاہی سے اس موذی مرض سے بچا جا سکتا ہے ‘تمام اسسٹنٹ کمشنرز ڈینگی سرویلنس کی خود نگرانی کریں ‘غفلت کا مظاہرہ کرنیوالے افسران و اہلکاران کیخلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائیگی ۔

یہ بات انہوں نے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر کمیٹی روم میں ڈینگی تدارک اور اسکی روک تھام کے حوالے سے تمام ڈیپارٹمنٹس کی ہفتہ وار کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں تمام متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔ اجلاس کو محکمہ صحت کے افسران نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رواں سال کے دوران اب تک ڈینگی کا کوئی کنفرم کیس رپورٹ نہ ہوا ہے تا ہم ڈینگی سرویلنس کے دوران 155مشتبہ کیسز اور 3پروبیبل کیسز سامنے آئے ہیں ۔

مزید بتایا کہ 28ان ڈور ہائوسز سے 39کنٹینرز اور 41آئوٹ ڈور سائٹس سے 60کنٹینرز سے ایڈیز لاروا ملا ہے جس پر ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ خود ان جگہوں کا دورہ کریں اور سرویلنس سرگرمیوں بارے رپورٹ دیں ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب ہیلتھ لائن پر ابتک 14شکایات رجسٹرڈ ہوئی ہیں جن میں سے 12کو حل کر دیا گیا ہے اور 2کو جلد حل کر دیا جائیگا ۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے تحصیل قصور اور پتوکی کے 8جوہڑوں میں 1300مچھلی بچہ چھوڑ دیا گیا ہے جس پر ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ جن جوہڑوں میں مچھلی بچہ چھوڑا گیا ہے کہ انہیں فوراً پی آئی ٹی بی کے ڈیش بورڈ پر اپ لوڈ کریں ۔ ہیلتھ انسپکٹرز کی کارکردگی بارے بتایا گیا کہ انہوں نے گزشتہ ہفتے 254نوٹسز جاری کئے ہیں اور 5ایف آئی آرز درج کروائی ہیں جس پر ڈپٹی کمشنر نے نارضگی کا اظہار کرتے ہوئے حکم دیا کہ ہیلتھ انسپکٹرز اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں ورنہ انکے خلاف کاروائی کی جائیگی ۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران ضلع قصور میں 203مقامات پر لاروا سائیڈنگ کروائی گئی ہے ۔مختلف محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ کونسل اور میونسپل کمیٹیز کی جانب سے فراہم کئے گئے ڈیٹا پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے چیف آفیسرز کو ہدایت کی کہ وہ ڈینگی روک تھام کیلئے اپنی کوششوں کو تیز کریں اور اس حوالے سے کی گئی سرگرمیوں کی مکمل رپورٹ آئندہ اجلاس میں پیش کریں ۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں